Live Updates

کراچی میں شاہراہ دستور پر تحریک انصاف کا انتخابی جلسہ وہ رنگ نہ جما سکا جو اس کی گزشتہ جلسوں میں پہچان رہی،جلسہ گاہ میں وقتاً فوقتاً انتظامی بد انتظامیاں سامنے آتی رہیں ‘پنڈال میں لگائی گئی کرسیاں بھی نہ بھرسکیں‘جلسے کے دوران ہی بیشتر کرسیاں سمیٹ لی گئیں

اتوار 19 اپریل 2015 23:39

کراچی میں شاہراہ دستور پر تحریک انصاف کا انتخابی جلسہ وہ رنگ نہ جما ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 اپریل۔2015ء) کراچی میں شاہراہ دستور پر تحریک انصاف کا انتخابی جلسہ وہ رنگ نہ جما سکا جو اس کی گزشتہ جلسوں میں پہچان رہی،جلسہ گاہ میں وقتاً فوقتاً انتظامی بد انتظامیاں سامنے آتی رہیں جبکہ پنڈال میں لگائی گئی کرسیاں بھی نہ بھرسکیں، جس کی وجہ سے جلسے کے دوران ہی بیشتر کرسیاں سمیٹ لی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو کراچی میں شاہراہ دستور پر تحریک انصاف کا انتخابی جلسہ سونامی میں نہ بدل سکا اور نہ ہی وہ رنگ نہ جما سکا جو اس کی گزشتہ جلسوں میں پہچان رہی،جلسہ گاہ میں وقتاً فوقتاً انتظامی بد انتظامیاں سامنے آتی رہیں۔جلسہ شروع ہونے سے قبل ہی تحریک انصاف کے کارکنان نے زبردستی اسٹیج پر چڑھنے کی کوشش کی، جس پر پولیس اہلکاروں اور کارکنان میں ہاتھا پائی ہو گئی جس دوران پی ٹی کے کارکنان نے پی ٹی آئی کراچی کے صدر کے خلاف گو زیدی گو کے نعرے بھی لگائے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں جب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنی اہلیہ اور دیگر پارٹیاں راہنماؤں کے ہمراہ اسٹیج پر پہنچے تو پنڈال میں لگائے گئے جنریٹر میں آگ لگ گئی جس کی وجہ سے وہ بند ہو گیا اور پنڈال کا بیشتر حصہ تاریکی میں ڈوب گیا جبکہ ڈائس اور ساؤنڈ سسٹم بھی بند ہو گئے، جس پر وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے لائٹ کے حوالے سے نوٹس لیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کو فوری بجلی بحال کرنے کی ہدایت بھی کی۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے جلسے سے ایک روز قبل ہی نا معلوم افراد نے اسٹریٹ لائٹس پہلے ہی اتار لی تھیں، جس پر پی ٹی آئی کارکنان نے خود متبادل لائٹس لگائیں، پنڈال میں تاریکی چھائے جانے پر تحریک انصاف کے رہنماؤں نے مختلف ٹی وی چینلز پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، سب جانتے ہیں کہ ایم کیو ایم نے پہلے سٹریٹ لائٹس اتاریں اور اب سندھ حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر جنریٹر کا کنکشن کاٹ دیا، دونوں جماعتوں کو جلسے کے بعد دیکھ لیں گے، جنریٹر خراب ہونے کی وجہ سے پنڈال تقریباً آدھا گھنٹہ تاریکی میں ڈوبا رہابعد ازاں نیا جنریٹر لگایا گیا تاہم وہ پنڈال میں مکمل طور پر بجلی کی فراہمی کو ممکن نہ بنا سکا اور پنڈال میں پیچھے بیٹھے کارکنان نے شکوہ کیا کہ انہیں رہنماؤں کے خطاب کی آواز سنائی نہیں دے رہی،بدانتظامی کے سبب پنڈال میں لگائی گئی کرسیاں بھی نہ بھرسکیں، جس کی وجہ سے جلسے کے دوران ہی بیشتر کرسیاں سمیٹ لی گئیں، تحریک انصاف کے کارکنان نے موقف اختیار کیا کہ لوگ خوف کی وجہ سے گھروں سے کم نکلے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات