یمن میں اتحادی افواج کے فضائی حملے، 60 حوثی باغی ہلاک،متعدد زخمی ، یمنی باغی کمزور ہو چکے ہیں کسی کو سعودی عرب کی فضائی حدود کی خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے، یمن میں 2000 فضائی حملے گئے ،آپریشن میں7سعودی فوجی مارے جاچکے ہیں،متحدہ عرب امارات اور قطر نے یمن میں انسانی بہبود کے لئے چار امدادی طیارے بھیجے ہیں،سعودی اتحادی افواج کے ترجمان بریگیڈئیر جنرل احمد عسیری کی بریفنگ

اتوار 19 اپریل 2015 22:13

یمن میں اتحادی افواج کے فضائی حملے، 60 حوثی باغی ہلاک،متعدد زخمی ، یمنی ..

صنعاء(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 اپریل۔2015ء) یمن میں اتحادی افواج کے فضائی حملے جاری ہیں، لڑاکا طیاروں کی بمباری اور جھڑپوں میں مزید60 حوثی باغی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دارالحکومت صنعا، عدن، حضر موت اور دیگر شہروں میں جنوبی یمن میں فضائی کارروائی اور باغیوں اور حکومتی فورسز کے درمیان لڑائی میں شدت دیکھی جارہی ہے۔

اتحادی افواج نے حدیدہ، الب اور تعز میں باغیوں کے ٹھکانوں کا نشانہ بنایا۔ عدن میں رہائشی علاقوں میں شدید جھڑپیں ہوئی ہیں جس میں ہلاکتوں کا خدشہ بتایا جارہا ہے۔ دوسری جانب یمن کی حکومت نے حکام نے ایران کی جانب سے اقوام متحدہ کو پیش کیے جانے والا پانچ نکاتی امن منصوبہ مسترد کردیا ہے۔قبل ازیں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سعودی اتحادی افواج کے ترجمان بریگیڈئیر جنرل احمد عسیری کا کہنا تھا کہ حوثی باغیوں نے یمن کے علاقے لہج سے کئی رضاکاروں کا اغوا کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

حوثی باغی شکست کے بعد صنعا سے جنگی سامان لے کر دیگر علاقوں کی طرف بھاگ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا افریقی ملک جبوتی نے اتحادی افواج کیلئے زمینی و فضائی راستے کھول دئیے ہیں۔ یمنی فضائی حدود میں داخلے کیلئے طیاروں کو اتحادی ممالک سے اجازت لینا پڑے گی کسی کو سعودی عرب کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔جنرل احمد عسیری نے کہا کہ یمنی باغیوں کی سرکوبی کے لئے جاری آپریشن کے دوران 2000 فضائی حملے گئے ہیں،آپریشن میں7سعودی فوجی مارے جاچکے ہیں۔

انکا کہنا تھاکہ متحدہ عرب امارات اور قطر نے یمن میں انسانی بہبود کے لئے چار امدادی طیارے بھیجے ہیں۔ کھانے پینے کی چیزوں اور ضروریات زندگی سے بھرے ہوئے یہ جہاز پچھلے دو دنوں کے دوران جیبوتی میں اترے تھے اور اس کے بعد وہ عدن کے ساحلی شہروں عدن اور حدیدہ کے لئے روانہ ہوگئے۔عسیری کا کہنا تھا کہ یمن میں امدادی کارروائیوں میں بہت پیش رفت دیکھنے کو آرہی ہے اور مزید امدادی سامان اگلے کئی دنوں میں یمنی بندرگاہوں پر پہنچا دیا جائیگا۔