ملائشیاء میں اغواء کے جھوٹے کیس میں گرفتار ارب پتی پاکستانی کو 6ماہ بعد رہائی مل گئی ‘عوام بشیرذہنی توازن کھو بیٹھا

اتوار 19 اپریل 2015 21:41

ملائشیاء میں اغواء کے جھوٹے کیس میں گرفتار ارب پتی پاکستانی کو 6ماہ ..

کوالالمپور/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 اپریل۔2015ء)ملائشیاء میں لاہور سے تعلق رکھنے والی اَرب پتی کاروباری شخصیت کواغوائیگی کے جھوٹے کیس سے چھ ماہ بعد جیل سے باعزت رہائی مل گئی ہے، مذکورہ شخص ذہنی توازن کھو بیٹھا، تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے اکرم آباد کینٹ سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیت محمد عون بشیر ولد بشیر احمد کو چھ ماہ قبل ملائشیاء پولیس کی جانب سے روپوں کا مطالبہ کرنے پر اغوائیگی کے جھوٹے کیس میں ملوث کرکے جیل بھجوا دیا گیا تھا،محمد عون بشیر کے جیل جانے کے بعد اُن کا کروڑوں کا کاروبار تباہ ہوگیا ملائشین پولیس کے ایک مافیا نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے پانچ جرائم پیشہ افراد کی ملی بھگت سے مذکورہ کاروباری شخصیت کے تمام اثاثے جن میں اُن کی گاڑیاں ، بنگلے اور دو عدد فیکٹریاں شامل تھیں کو لوٹ کر اُنہیں کنگال کر دیا ، جس کے چھ ماہ بعد ملائشیاء کی عدالت نے اُنہیں باعزت طور پر بری کر دیا مگر یہ تب ہوا جب مذکورہ شخصیت جیل میں بیماریوں کے مجموعوں میں مبتلا ہو گیا اور آخر کار اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھا،جیل میں قید کے دوران کوالالمپور میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن کو معلوم ہونے کے باوجود کسی نے پوچھا تک نہیں، پاکستانی کمیونٹی کے صدر راہی خان وزیر اور دیگر ارکان نے مذکورہ شخص سے رہائی کے بعد ہسپتال میں ملاقات کی اور اُن کی خیریت دریافت کی ملاقات کے دوران یہ معلوم ہوا کہ ملائشیاء کی جیلوں میں پاکستانیوں کا کوئی پرسانِ حال نہیں ہے، آئے روز کئی غیر ملکی جانوروں کی طرح ہلاک ہوجاتے ہیں ، جن کی لاشوں کا پتہ تک نہیں چلتا، اُنہوں نے بتایا کہ اب تک پاکستانی ہائی کمیشن کسی پاکستانی شہری کو کمیونٹی فنڈ سے رہا نہ کروا سکا۔

(جاری ہے)

عون بشیر نے وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہنگامی طور پر ملائشیاء کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کا بندوبست کریں اور کوالالمپور میں واقع پاکستانی ہائی کمیشن کے لاپرواہ سفارت کاروں کے خلاف فوری طور پر ایکشن لیں۔