لاہور ہائیکورٹ نے ہسپتالوں کی نرسریوں میں آگ لگنے سے بچوں کی ہلاکتوں کے خلاف دائر درخواست کا تحریری طور پر عبوری فیصلہ جاری کر دیا

ہفتہ 18 اپریل 2015 22:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے ہسپتالوں کی نرسریوں میں آگ لگنے سے بچوں کی ہلاکتوں کے خلاف دائر درخواست کا تحریری طور پر عبوری فیصلہ جاری کر دیا، عدالت نے محکمہ صحت پنجاب کو صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی خارجی راستے بنانے اور ہسپتالوں میں فائر سیفٹی سے متعلقہ سٹاف کی تعیناتیوں کا حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

جسٹس محمد فرخ عرفان خان نے حکم دیا ہے کہ پنجاب بھر کے 97سرکاری ہسپتالوں کے داخلی راستوں پر رکاوٹیں اور تجاوزات ہیں ان کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔

ہسپتالوں میں ایمرجنسی خارجی راستے قائم کئے جائیں اور ہر ہسپتال میں فائر سیفٹی سے متعلقہ سٹاف فوری طور پر تعینات کیا جائے تاکہ آگ لگنے سے بچا کے لئے اقدامات کئے جا سکیں۔فیصلے میں محکمہ صحت پنجاب کو حکم دیا گیا ہے کہ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کر کے عملدرآمد رپورٹ 12مئی تک عدالت میں پیش کی جائے۔