Live Updates

تحریک انصاف کا 2013کے انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے قائم کمیشن کے روبرو ثبوت جمع کروانے کا فیصلہ

کمیشن کی تحقیقات کے نتیجے میں پوری حقیقت کھل کر سامنے آجائیگی ، حلقہ این اے 246میں تحریک انصاف کی انتخابی مہم کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے، جماعت اسلامی سے مسلسل رابطے میں ہیں، امیدہے جماعت اسلامی اپنا امیدوار دستبردار کر لے گی تحریک انصاف کی سیکرٹری اطلاعات شیریں مزاری کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

جمعہ 17 اپریل 2015 22:34

تحریک انصاف کا 2013کے انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے قائم کمیشن ..

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف نے مئی 2013کے انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے قائم ہونے والے کمیشن کے روبرو ثبوت جمع کروانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہاہے کہ کمیشن کی تحقیقات کے نتیجے میں پوری حقیقت کھل کر سامنے آجائے گی۔ کراچی کے حلقہ این اے 246میں تحریک انصاف کی انتخابی مہم کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے، جماعت اسلامی سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

امید کرتے ہیں کہ جماعت اسلامی اپنا امیدوار دستبردار کر لے گی۔ جمعہ کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات شیریں مزاری نے کہا کہ کراچی میں خوف کی زنجیریں ٹوٹ رہی ہیں، پورا کراچی متحرک ہو چکا ہے، ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف ہی کامیاب ہوگی۔

(جاری ہے)

دھاندلی کے خلاف عدالتی کمیشن کی کارروائی میں حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف دھاندلی کے خلاف تمام شواہد کمیشن کے روبرو پیش کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ کمیشن کی تحقیقات کے نتیجے میں پوری حقیقت کھل کر سامنے آجائے گی۔ چیئرمین تحریک انصاف کی زیر صدارت کور کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف کی قیادت نے بیرون ملک رکنیت فیس میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے مطابق چیئرمین کی زیر صدارت اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر بھی تفصیلی غور کیا گیا اور اس حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات