سعودی عرب کی سا لمیت کیخلاف ہر اقدام کا سعودی عرب کیساتھ ملکر مقابلہ کرینگے‘شہبازشریف

پورا پاکستان سعودی عرب کی حمایت میں یک آواز ہے،پاکستانی عوام الحرمین الشریفین کے تحفظ کو اپنا فریضہ سمجھتے ہیں سعودی عرب کے دونوں وزراء نے وزیراعظم نواز شریف کیلئے خیرسگالی کا پیغام دیا ‘وزیراعلیٰ کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 17 اپریل 2015 20:08

سعودی عرب کی سا لمیت کیخلاف ہر اقدام کا سعودی عرب کیساتھ ملکر مقابلہ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پورا پاکستان سعودی عرب کی حمایت میں یک آواز ہے، سعودی عرب کی سا لمیت کے خلاف ہر اقدام کا سعودی عرب کے ساتھ مل کر مقابلہ کریں گے، پاکستان کے عوام الحرمین الشریفین کے تحفظ کو اپنا فریضہ سمجھتے ہیں، سعودی عرب کا استحکام مسلم امہ کا استحکام ہے۔

یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ سعودی عرب صرف برادر ملک نہیں بلکہ اسلامی دنیا کا ایک اہم ترین رکن ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کی قرارداد کی روشنی میں یمن کے مسئلے پر ہر طرح کا تعاون کرنے کیلئے تیار ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت پر پاکستان کا ساتھ دیا اور پاکستان سعودی تعاون کو کیسے فراموش کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یمن کے تنازعہ کے سیاسی تصفیہ کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ پارلیمنٹ کی قرارداد میں سعودی عرب کے ساتھ غیر مبہم الفاظ میں اظہار یکجہتی اور تعاون کا اعلان کیا گیا ہے اور وزیراعظم محمد نواز شریف واضح الفاظ میں اعلان کر چکے ہیں کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ سعودی عرب کا دورہ انتہائی کامیاب رہا اور پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

سعودی وزیر خارجہ سعودالفیصل اور ڈپٹی کراؤن پرنس و وزیر داخلہ محمد بن نائف بن عبدالعزیز کے ساتھ مثبت بات چیت ہوئی۔وزیراعلیٰ نے ایک سوال کے جواب میں بتایاکہ دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی وزیر خارجہ سعود الفیصل نے واضح طو رپر کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی کو کوئی طاقت زک نہیں پہنچا سکتی اور ہم یمن میں ایک قانونی حکومت کو تحفظ دینا چاہتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ سعودی وزیر خارجہ اورڈپٹی کراؤن پرنس و وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ سعودی عرب پاکستان کو کسی مشکل میں نہیں ڈالنا چاہتا اور وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کو سعودی عرب میں خوش آمدید کہیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ دورے کے دوران سعودی عرب کے دونوں وزراء نے وزیراعظم محمد نواز شریف کیلئے خیرسگالی کا پیغام دیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔