قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 کی نادرا کی پری سکیننگ رپورٹ الیکشن ٹربیونل میں جمع کرا دی گئی

پری سکیننگ میں ثابت ہوگیا متعدد پولنگ اسٹیشنز میں انتخابی ریکارڈ موجود ہی نہیں ‘ وکیل عمران خان ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے، اصل حقائق مکمل سکیننگ رپورٹ سامنے آنے پر ظاہر ہوں گے‘ وکیل ایاز صادق

جمعرات 16 اپریل 2015 20:48

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 کی نادرا کی پری سکیننگ رپورٹ الیکشن ٹربیونل ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16اپریل۔2015ء ) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122کی نادرا کی پری سکیننگ رپورٹ الیکشن ٹربیونل میں جمع کرا دی گئی ۔ الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی رپورٹ 106صفحات پر مشتمل ہے ۔ الیکشن ٹربیونل نے 284پولنگ اسٹیشنزکا ریکارڈ نادرا کو بھجوایا تھا ، نادرا نے 284پولنگ اسٹیشنز کی پری سکیننگ مکمل کرلی ۔ این اے 122کی پری سکیننگ 19مارچ سے 3اپریل تک کی گئی ۔

ذرائع کے مطابق تمام کارروائی نادرا کے آفیسرز اور لوکل کمیشن کے سامنے کی گئی ۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولنگ سٹیشن 1 کے لفافے پھٹے ہوئے تھے جبکہ پولنگ سٹیشن نمبر 1 کے تھیلے سے بعض انتخابی ریکارڈ بھی نہیں ملا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن ٹربیونل کے نمائندے جسٹس (ر) حامد شاہ نے بھی اپنی جائزہ رپورٹ الیکشن ٹربیونل میں جمع کر ادی ہے ۔عمران خان کے وکیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این اے 122 کی پری سکیننگ سے یہ ثابت ہوا ہے کہ متعدد پولنگ اسٹیشنز میں انتخابی ریکارڈ موجود ہی نہیں ،درجنوں پولنگ اسٹیشنز کے تھیلوں میں فارم 14اور 15بھی موجود نہیں۔سردار ایاز صادق کے وکیل نے کہا کہ ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ اصل حقائق مکمل سکیننگ رپورٹ سامنے آنے پر ظاہر ہوں گے۔