ربیع 2014-15میں صوبہ پنجاب میں17.075ملین ایکڑ رقبہ گندم کے زیر کاشت لایا گیا

19.541ملین ٹن پیداوار کا تخمینہ لگایا گیا جو گزشتہ سال کی گندم کی پیداوار کے مقابلہ میں ایک فیصد کم ہے‘رپورٹ

بدھ 15 اپریل 2015 23:08

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15اپریل۔2015ء) ربیع 2014-15میں صوبہ پنجاب میں17.075ملین ایکڑ رقبہ گندم کے زیر کاشت لایا گیا جس سے 19.541ملین ٹن پیداوار کا تخمینہ لگایا گیا ہے جو گزشتہ سال کی گندم کی پیداوار کے مقابلہ میں ایک فیصد کم ہے۔ کراپ رپورٹنگ سروس پنجاب کی رپورٹ کے مطابق 2014-15میں گندم کی کاشت کا ہدف 16.5ملین ایکڑ مقرر کیا گیا تھا جبکہ 17.075ملین ایکڑ رقبہ پر گندم کاشت کی گئی۔

رپورٹ میں مزید بتایاہے کہ گزشتہ سال 2013-14میں 19.7ملین ٹن پیداوار کے مقابلہ میں اس سال 19.541ملین ٹن پیداوار حاصل ہونے کی توقع ہے۔ محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق گندم کی پیداوار میں ایک فیصد کمی کی وجہ پنجاب کے بعض علاقوں میں حالیہ بارش اور ژالہ باری سے فصل کا متاثر ہونا ہے۔ ترجمان نے کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گندم کی کٹائی، گہائی اور ذخیرہ میں احتیاط کریں اور کٹائی کے دوران ریڈیو و ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والی موسمی پیش گوئی پر توجہ دیں اور اس کے مطابق انتظامات کریں۔

(جاری ہے)

بارش کی صورت میں گندم کی فصل کی کٹائی نہ کی جائے اور جہاں تک ممکن ہو کمبائن ہارویسٹر یا ریپر سے کٹائی کریں تاکہ فصل زیادہ دیر تک کھیت میں نہ پڑی رہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ گندم کو سٹور کرتے وقت اس میں نمی کا تناسب 10فیصد ہونا چاہئے اور گوداموں کو مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے سفارش کردہ زہر کے محلول کا سپرے کریں تاکہ ان میں موجود کیڑے تلف ہو جائیں اور گندم کو محفوظ طور پر ذخیرہ کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :