مبینہ دھاندلی  پی پی پی  جماعت اسلامی  عوامی نیشنل پارٹی اور (ق)نے شواہد اور سفارشات جمع کرادیں  کھلی سماعت (آج)ہوگی

تحریک انصاف کی جانب سے اسحاق خان خاکوانی نے چالیس سے زائد صفحات پر مشتمل سفارشات جوڈیشل کمیشن میں پیش کیں 2013کے انتخابات پیپلز پارٹی نے نہیں نگران حکومت نے کرائے  لطیف کھوسہ کی گفتگو

بدھ 15 اپریل 2015 22:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15اپریل۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی اور مسلم لیگ (ق) نے 2013 کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی سے متعلق شواہد اور سفارشات جوڈیشل کمیشن میں جمع کرادیں (آج)جمعرات کو عدالتی کمیشن کھلی سماعت کریگا ۔ بدھ کو یہاں پیپلز پارٹی کی جانب سے انتخابی دھاندلی سے متعلق شواہد اور سفارشات لطیف کھوسہ، قمر زمان کائرہ اور چوہدری منظور نے جوڈیشل کمیشن میں پیش کیں جن میں قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 51، 62، 98، 124، 138، 151، 175 اور سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 85 سے متعلق فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ مذکورہ ماڈل حلقوں میں سے بیشتر کے فارم 14 اور 15 غائب ہیں جب کہ بیشتر پولنگ اسٹیشنز کی کاونٹرز فائلز بھی غائب ہیں۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کی جانب سے کمیشن میں پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ انتخابات کے دوران 10 پولنگ اسٹیشنز کے بیگ بھی لاپتہ ہوئے جب کہ ماڈل حلقوں کے 103 پولنگ اسٹیشنز کے تھیلوں میں ووٹر فہرستیں بھی غائب ہیں، ماڈل پولنگ اسٹیشنز پر ڈالے گئے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ووٹوں میں بھی تضاد ہے کیونکہ 32 پولنگ اسٹیشنز کی ووٹر فہرستیں خالی ہیں اور اصل ووٹر فہرستوں کو ضائع کر دیا گیا عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے زاہد خان اور افراسیاب خٹک نے دھاندلی سے متعلق سفارشات اور شواہد جوڈیشل کمیشن کو پیش کئے، جماعت اسلامی کی جانب سے میاں اسلم نے جوڈیشل کمیشن میں سفارشات پیش کیں جب کہ مسلم لیگ (ق) کی جانب سے امتیاز رانجھا نے جوڈیشل کمیشن میں سفارشات جمع کرائیں۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ2013کے انتخابات پیپلز پارٹی نے نہیں نگران حکومت نے کرائے۔ انہوں نے کہاکہ پہلی دفعہ ہے کہ کمیشن کی رپورٹ عوامی دستاویز ہوگی۔تحریک انصاف کی جانب سے اسحاق خان خاکوانی نے چالیس سے زائد صفحات پر مشتمل سفارشات جوڈیشل کمیشن میں پیش کیں، انہوں نے کہاکہ الیکشن میں اجتماعی دھاندلی سے متعلق شواہد دوران سماعت کمیشن میں پیش کیے جائیں گے۔