این اے 125کے مزید 25پولنگ اسٹیشنز کے ریکارڈ کا معائنہ کرنے کی درخواست مسترد

بدھ 15 اپریل 2015 20:03

این اے 125کے مزید 25پولنگ اسٹیشنز کے ریکارڈ کا معائنہ کرنے کی درخواست ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15اپریل۔2015ء)الیکشن ٹربیونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 125کے مزید 25پولنگ اسٹیشنز کے ریکارڈ کا معائنہ کرنے کی درخواست مسترد کر دی ، ٹربیونل نے دیگر دو درخواستیں بھی خارج کر دی۔

(جاری ہے)

مذکورہ حلقے سے پی ٹی آئی کے ناکام امیدوار حامد خان کی جانب سے تین متفرق درخواستیں دائر کی گئی تھیں جن میں موقف اختیار کیا گیا تھاکہ انتخابی دھاندلی کے حقائق کا جائزہ لینے کے لئے مزید 25 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹوں کے ریکارڈ کا معائنہ کرانے کا حکم دیا جائے۔

اس حلقے کے ووٹوں کے تھیلے پولنگ بیگز کی بجائے عام بوریوں میں رکھے گئے تھے جو کہ قوانین کی واضح خلاف ورزی ہے لہٰذاٹربیونل ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا بھی حکم دے۔الیکشن ٹربیونل نے حامد خان کی تینوں متفرق درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر رکھاتھا اور گزشتہ روز فیصلہ سناتے ہوئے تینوں متفرق درخواستوں کو مسترد کر دیا گیا۔