ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کو فعال بنادیا گیاہے ، عبدالوحید شاہ

تعلیمی ایمرجنسی پر توقعات کے مطابق عملدرآمد ہورہاہے،ڈپٹی کمشنر خضدار

منگل 14 اپریل 2015 22:58

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 اپریل۔2015ء)ڈپٹی کمشنر خضدار سید عبدالوحید شاہ نے کہاہے کہ خضدار میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کو فعال بنادیا گیاہے جس کے تحت تعلیمی ایمرجنسی پر توقعات کے مطابق عملدرآمد ہورہاہے۔منگل کے روز زیدی میں شیخ زئی، طورانی، لت، کوری ،اور زیدی اسکولز کا میں نے از خود دورہ کیا تو تمام اساتذہ حاضر تھے یہ نتائج اساتذہ کے ایک اسکول سے دوسرے اسکول میں بھیجے جانے کے بعد ملے ہیں اوراس تجربے سے اساتذہ کی حاضری کے تناسب میں کافی حد تک اضافہ ہواہے۔

اس سلسلے میں اساتذہ کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ بچوں کے مستقبل کا لحاظ رکھتے ہوئے ہر صورت میں اپنے متعلقہ تعلیمی اداروں میں حاضری کو ممکن بنائیں۔۔ اور کسی بھی سیاسی یا سفارشی بھروسے پر انحصار کرنے کی بجائے اپنی ذمہ داریوں کی پیروی کرتے ہوئے اسکولز میں حاضری کو ترجیح دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو ٹیچرزعرصہ دراز سے اپنے جائے تعیناتی پر حاضر نہیں ہورہے ہیں اور اب بھی غیر حاضرہیں انہیں سروس سے برخاست کردیا جائیگا ۔

اور ان کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائیگی ۔ جو اساتذہ فرض شناسی کا مظاہرہ کرکے پابندی کے ساتھ اپنے اسکول میں حاضر ہورہے ہیں ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ایمرجنسی کے بعد سول سوسائٹی والدین کا تعلیمی ترقی میں کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے