جلد تمام مسلم لیگیں سوائے نواز شریف کے مشرف کی قیادت میں متحدہ آل پاکستان مسلم لیگ کا حصہ بنیں گی، ڈاکٹر محمدامجد

پیر 13 اپریل 2015 23:03

جلد تمام مسلم لیگیں سوائے نواز شریف کے مشرف کی قیادت میں متحدہ آل پاکستان ..

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اپریل۔2015ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمدامجد نے کہا کہ بہت جلد تمام مسلم لیگیں سوائے نواز شریف کے پرویز مشرف کی قیادت میں متحدہ آل پاکستان مسلم لیگ کا حصہ بنے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ فنکشنل، مسلم لیگ (ق)، مسلم لیگ جونیجو(چھٹہ گروپ)، مسلم لیگ ضیاء کے سینیر عہدیداران پرویز مشرف سے رابطے میں ہیں اور ان سے متحدہ مسلم لیگ کے سلسلے میں ملاقاتیں بھی کر چکے ہیں۔

بہت جلد پی ایم ایل( این) کے موجودہ اور سابقہ اراکین اسمبلی بڑی تعداد میں کارکنان اے پی ایم ایل میں شمولیت اختیار کریں گے۔ اس سلسلے کی پہلی کڑی پیر صفدر رسول، ایڈیشنل انفارمیشن سیکرٹری ، ننکانہ شیخوپورہ اے پی ایم ایل میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں جنکے بھائی پی ایم ایل این کےMPA بھی ہیں اور PML (N)کے بنیادی عہدیداران بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

عنقریب انکا خاندان اے پی ایم ایل میں شمولیت اختیار کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ قیوم گروپ کے اے پی ایم ایل میں ضم ہونے کے موقع پر سینٹرل سیکرٹیریٹ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت بد امنی، لاقانونیت، بیروزگاری جیسے مسائل کا شکار ہے۔ پاکستان میں باری کی سیاست ختم کرنے کے لیے تیسرے متحدہ اتحاد کی ضرورت کو سامنے رکھتے ہوئے پرویز مشرف نے تمام مسلم لیگیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔

اس سلسلے کی ایک کڑی مسلم لیگ قیوم گروپ کے آل پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت ہے۔ اس موقع پر قیوم گروپ کے چئیرمین ڈاکٹر اورنگزیب خٹک مرکزی صدر قاری سعد اللہ حنفی، سینئیر نائب صدر شوکت علی، پریس سیکرٹری شہزاد کشمیری کے علاوہ دیگر عہدیداران شامل تھے۔ اس موقع پر آل پاکستان مسلم لیگ KPK کے صدر اورنگزیب خان مہمند، جنرل سیکرٹری سر میر خان بھی موجو دتھے ۔

آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات میجر جنرل (ر) راشد قریشی نے کہا کہ ہم پچھلے پانچ سال سے جس مقصد کے لیے محنت کر رہے تھے ابھی اسکا پھل آنا شروع ہو گیا ہے۔ اگلے چند ہفتوں میں بڑی جماعتیں اے پی ایم ایل میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔ پرویز مشرف کے خلاف تمام جھوٹے کیسز ایک ایک کر کے ختم ہونا شروع ہو گئے ہیں ۔ پی ٹی آئی سے بھی مضبوط لوگ ہمارے ساتھ شامل ہونا شروع ہو گئے ہیں جس میں PTIکی اہم رہنما لیلیٰ زبیری، PTI کو چھوڑ کر آل پاکستان مسلم لیگ میں شامل ہو گئیں ہیں۔

یمن کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو اس وقت کوئی خطرہ نہیں اور نہ ہی سعودی عرب پر کوئی حملہ ہو رہا ہے۔ ایسے وقت میں افواج پاکستان بھیجنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ ایم کیو ایم کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر امجد نے کہا کہ فی الحال ہم مسلم لیگیوں کے اتحاد پر زور دے رہے ہیں، باقی سیاسی پارٹیوں سے ہمارے رابطے ضرورہیں لیکن یہ دوسرے مرحلے میں اسکا اعلان کیا جائیگا۔ اس موقع پر آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما جاوید اختر بھٹی ۔ شیخ ساجد، جاوید اختر عباسی ، وقاص بھٹی و دیگر موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :