Live Updates

فوج نے 2013کے انتخابات میں میرے بھائی کے حلقے میں پی ٹی آئی کے حق میں مداخلت کی، عمران خان اپنی زبان بند رکھیں اور جوڈیشل کمیشن پر اثر انداز نہ ہوں ،وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر کی میڈیا سے گفتگو

تحریک انصاف نے انتخابات میں کوئی دباؤ نہیں ڈالا، رانا تنویرکے پاس ثبوت ہیں تو پیش کریں ،جوڈیشل کمیشن کا راستہ کھلا ہے، تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری کا ردعمل

پیر 13 اپریل 2015 17:22

فوج نے 2013کے انتخابات میں میرے بھائی کے حلقے میں پی ٹی آئی کے حق میں مداخلت ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اپریل۔2015ء) وفاقی وزیربرائے دفاعی پیداوار رانا تنویرحسین نے کہا ہے کہ2013کے عام انتخابات میں میرے بھائی کے حلقے میں تحریک انصاف کے امیدوار کے حق میں فوج کی جانب سے مداخلت کی گئی جس پر میں نے کور10سے لے کرجی ایچ کیو تک ہر جگہ رابطہ کیا، فوج عملاً یمن نہیں بھیجی جائے گی تاہم عسکری حمایت سعودی عرب کے ساتھ ہے‘ اس کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے‘ متحدہ عرب امارات کے وزیر کا بیان سرکاری موقف نہیں، اگر متحدہ عرب امارات حکومت یہ بیان دیتی تو جواب دیتے‘ نائن الیون کا تجربہ ہمارے سامنے تھا، اسی لئے پارلیمنٹ سے فیصلہ لیا گیا‘ عمران خان اپنی زبان بند رکھیں اور جوڈیشل کمیشن پر اثر انداز نہ ہوں۔

وہ پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

رانا تنویرحسین نے کہا کہ 2013کے عام انتخابات میں میرے بھائی کے حلقے میں تحریک انصاف کے بریگیڈیئر (ر) امیدوارتھے، جن کے حق میں فوج کی جانب سے مداخلت کی گئی۔ رانا تنویر نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی کے لئے ہر طرح سے مدد کیلئے تیار ہے نائن الیون کا تجربہ ہمارے سامنے تھا اسی لئے یمن کے حوالے سے پارلیمنٹ سے فیصلہ لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج عملاً یمن نہیں بھیجی جائے گی تاہم عسکری حمایت سعودی عرب کے ساتھ ہے‘ اس کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے وزیر کا بیان سرکاری موقف نہیں اگر یو اے ای حکومت یہ بیان دیتی تو جواب دیتے۔ رانا تنویر نے کہا کہ عمران خان اپنی زبان بند رکھیں اور جوڈیشل کمیشن پر اثر انداز نہ ہوں۔

تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نے وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے انتخابات میں کسی پر بھی کوئی پریشر نہیں ڈالا، جن کے پاس دھاندلی کے ثبوت ہیں وہ جوڈیشل کمیشن میں پیش کرے، رانا تنویر کیلئے جوڈیشل کمیشن کا راستہ کھلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبدالحفیظ پیرزادہ دھاندلی کے خلاف پی ٹی آئی کا کیس لڑیں گے۔ (اح)

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات