دبئی میں پاکستانی شہری کو نو عمر غیرملکی لڑکی کو بوسہ دینے پر 3 ماہ قید کی سزا ،سزا مکمل ہونے پر پاکستانی شہری کو ملک بدر کردیا جائے‘مجرم کے پاس اپیل دائر کرنے کیلئے 15 روز کا وقت ہے‘عدالت

اتوار 12 اپریل 2015 23:50

دبئی میں پاکستانی شہری کو نو عمر غیرملکی لڑکی کو بوسہ دینے پر 3 ماہ قید ..

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اپریل۔2015ء) دبئی میں ایک پاکستانی کلرک کو 13 سالہ برطانوی لڑکی کو بوسہ دینے کے الزام میں 3 ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ مقدمہ کی سماعت کے دوران جج نے ملزم سے اس کا موقف پوچھا تو 31 سالہ پاکستانی کا کہنا تھا کہ لڑکی عمارت کی لفٹ میں داخل ہوئی تو گھبرائی ہوئی لگ رہی تھی لہٰذا میں نے اسے اپنی بیٹی کی طرح سمجھتے ہوئے اسے حوصلہ دینے کیلئے بوسہ دیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب لڑکی کی ماں کا کہنا تھا کہ وہ جم میں تھی جب اس کی بیٹی اس کے پاس آئی اور بتایا کہ اس کے ساتھ کیا ہوا۔ اس نے آدمی کو تلاش کرنے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہ ہوئی تو پولیس سے رابطہ کیا جنہوں نے گاڑی کی نمبر پلیٹ کے ذریعے ملزم کو ڈھونڈ نکالا۔ لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ اس کا گھر عمارت کی چھٹی منزل پر ہے۔ وہ گھر جانے کیلئے لفٹ میں گئی تو یہ واقعہ ہوگیا جس پر وہ بے حد گھبرا گئی اور تیسری منزل پر لفٹ رکی تو اس نے دوڑ لگادی۔ دبئی کی عدالت کے جج نے 3 ماہ کی قید سناتے ہوئے کہا کہ سزا مکمل ہونے پر پاکستانی شہری کو ملک بدر کردیا جائے۔ مجرم کے پاس اپیل دائر کرنے کیلئے 15 روز کا وقت ہے۔