وزیر داخلہ نے ایس پی ڈپلومیٹک کے ناکہ پر تعینات پولیس اہلکاروں کو غیر قانونی طریقے سے معطل کرنے کا نوٹس لے لیا،معطل اہلکاروں کو بحال ‘ایس پی کو معطل کر دیا‘ قائمقام ایس ایس پی آپریشنز کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ،پولیس اہلکاروں نے ایس پی کے بھائی کی گاڑی پر کالے شیشے اتارنے اور کاغذات نہ دکھانے پر قانونی کارروائی کی تھی، ایس پی ارم عباسی مسلم لیگ (ن) کے ایبٹ آباد سے نو منتخب سینیٹر جاوید عباسی کی ہمشیرہ ہیں

اتوار 12 اپریل 2015 23:50

وزیر داخلہ نے ایس پی ڈپلومیٹک کے ناکہ پر تعینات پولیس اہلکاروں کو غیر ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اپریل۔2015ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اسلام آباد پولیس کی ایس پی ڈپلومیٹک ارم عباسی کی طرف سے ناکہ پر تعینات پولیس اہلکاروں کو غیر قانونی طریقے سے معطل کرنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے معطل اہلکاروں کو بحال اور ایس پی کو معطل کر دیا ۔ ان پولیس اہلکاروں نے ایس پی کے بھائی یاسر عباسی کی گاڑی پر کالے شیشے اتارنے اور کاغذات نہ دکھانے پر قانونی کارروائی کی تھی۔

ایس پی ارم عباسی مسلم لیگ (ن) کے ایبٹ آباد سے نو منتخب سینیٹر جاوید عباسی کی ہمشیرہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ کے ذ رائع نے ”آئی این پی“ کو بتایا کہ 7 اور 8 اپریل کی درمیانی شب اڑھائی بجے کے قریب ایف الیون مرکز میں ناکہ پر کھڑے پولیس اہلکاروں نے ایک کالے شیشوں والی لینڈ روور کو مشتبہ جان کر روکا تو گاڑی ڈرائیو کرنے والے شخص یاسر عباسی نے پولیس اہلکاروں کو اپنی شناخت کرانے سے انکار کر دیا اور گاڑی کے کاغذات بھی ان کے پاس موجود نہیں تھے جس پر پولیس اہلکاروں اور یاسر عباسی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔

(جاری ہے)

اس دوران رینجرز کی گاڑی بھی جب گشت پر موجود تھی وہاں پہنچ گئی اور رینجرز اہلکاروں نے پولیس اہلکاروں کو یاسر عباسی کی دھمکیو ں سے بچایا اور گاڑی سے کالے شیشے اتار دئیے جس پر یاسر عباسی سیخ پا ہو گیا اور اس دوران انہوں نے اپنی ہمشیرہ جو کہ ڈپلومیٹک انکلیو میں ایس پی تعینات ہیں سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ارم عباسی نے پولیس اہلکاروں کو ڈانٹتے ہوئے کہا کہ میرے بھائی کو روکنے کی کیسے جرات ہوئی؟۔

اس موقع پر پولیس اہلکاروں نے یاسر عباسی کوجانے کی اجازت دیدی تاہم اگلی صبح ایس پی نے قائمقام ایس ایس پی آپریشن میر واعظ سے رابطہ کر کے ان 3پولیس اہلکاروں کو معطل کروا دیا اور ان کیخلاف بھائی کو روکنے پرمزید کارروائی کے بھی احکامات جاری کرائے تاہم گزشتہ روز جب وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو اپنے ذرائع سے اس واقعہ کا علم ہوا تو انہوں نے اس کی ایک حساس ادارے کے ذریعے بھی تحقیقات کرائیں تو ساری صورتحال اور حقائق واضح ہو گئے۔

جس پر انہوں نے اتوار کو ایس پی ارم عباسی کو معطل کر دیا اور انہیں او ایس ڈی کرتے ہوئے اسٹبلشمنٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ وزیر داخلہ نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ ایس پی ارم عباسی کو اسلام آباد پولیس سے نکالا جائے۔ان ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے معطل کئے گئے پولیس اہلکاروں کو فوری طو رپر بحال کر کے ان کیلئے انعام کا اعلان بھی کیا ہے جبکہ ایس پی کے کہنے پرپولیس اہلکاروں کو غیر قانونی طریقے سے معطل کرنے پر قائمقام ایس ایس پی آپریشن میر واعظ کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دریں اثناء ذرائع نے بتایا ہے کہ ارم عباسی خیبر پختونخواہ سے مسلم لیگ (ن) کے نو منتخب سینیٹر جاوید عباسی کی ہمشیرہ ہیں اور ان کے بھائی یاسر عباسی کاروباری شخصیت ہیں۔