چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کاسرکاری محکموں کے سربراہوں کی ججوں سے خط و کتابت پر سخت نوٹس ،سرکاری محکموں کے سربراہان آئندہ ایسے اقدام سے گریز کریں‘تنبیہی مراسلہ جاری

اتوار 12 اپریل 2015 00:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اپریل۔2015ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کے سرکاری محکموں کے سربراہوں کے بعض جج صاحبان کے ساتھ براہ راست خط و کتابت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سرکاری محکموں کے سربراہان آئندہ ایسے اقدام سے گریز کریں۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے پنجاب حکومت کے نام جاری ایک مراسلے کے مطابق پنجاب کے اکثر سرکاری محکموں کے سربراہ عدالت عالیہ کے بعض جج صاحبان کے ساتھ براہ راست آفیشل خط و کتابت کر رہے ہیں جو مناسب طریقہ نہیں ہے، ہائیکورٹ کے مراسلے کے جواب میں پنجاب حکومت کی طرف سے تمام صوبائی سیکرٹریزاورخود مختار اداروں کے نام مراسلے میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری اداروں کے سربراہوں کی طرف سے عدالت عالیہ کے جج صاحبان کے ساتھ آفیشل خط و کتابت کا سخت نوٹس لیا ہے ، حکومتی مراسلے میں تمام صوبائی سیکرٹریزاورخود مختار اداروں کے سربراہوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ آئندہ ایسی کسی بھی خط وکتابت سے گریز کریں اور اگر کسی معاملے پر خط وکتابت ضروری ہو تو وہ رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کے ذریعے ہی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :