ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی پر تشویش ہے ، پاکستان ممبئی حملوں کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے، متاثرین کو انصاف فراہم کرنے کے وعدے پر عمل درآمد کرے، امریکی محکمہ خارجہ کے قائمقام ترجمان جیف رتھکے کی صحافیوں کو بریفنگ

ہفتہ 11 اپریل 2015 22:22

ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی پر تشویش ہے ، پاکستان ممبئی حملوں کے ذمہ ..

واشنگٹن/نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 اپریل۔2015ء) امریکہ نے ممبئی حملہ کیس کے مبینہ ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ممبئی حملوں کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور متاثرین کو انصاف فراہم کرنے کے اپنے وعدے پر عمل درآمد کرے ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکی محکمہ خارجہ کے قائمقام ترجمان جیف رتھکے نے صحافیوں کو روزانہ کی بریفنگ میں بتایا کہ ہم نے ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی کے معاملے پر اعلیٰ پاکستانی حکام سے اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے اور موجودہ رہائی پر بھی پاکستان کو اپنی تشویش سے آگاہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد حملے تمام ممالک کی اجتماعی سلامتی اور تحفظ پر حملے ہیں، پاکستان نے ممبئی حملوں میں ملوث منصوبہ سازوں ، مالی معاونت کرنے والوں اور ان کی مدد کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ہر ممکن تعاون کا وعدہ کیا اور ہم پاکستان پر زور دیتے ہیں کہ وہ اپنے وعدوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ ممبئی حملوں کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا پاکستان کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کیس کی تازہ پیش رفت پر تشویش ہے۔