پاکستان نے یمن کے حوالے سے ایران کی سعودی عرب مخالف اتحاد میں شمولیت کی پیشکش مسترد کر دی، غیر ملکی میڈیا

ہفتہ 11 اپریل 2015 22:21

پاکستان نے یمن کے حوالے سے ایران کی سعودی عرب مخالف اتحاد میں شمولیت ..

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 اپریل۔2015ء) امریکی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان نے یمن کے حوالے سے ایران کی سعودی عرب مخالف اتحاد میں شامل ہونے کی پیشکش مسترد کر دی ۔ ہفتہ کو امریکی خبر رساں ادارے اور اسرائیلی ویب سائیٹس کی رپورٹس میں عرب اخبار الحیات کے حوالے سے رپورٹ دی گئی کہ ایران نے پاکستان کو ترکی کے ساتھ مل کر یمن کے مسئلے پر سعودی عرب مخالف اتحاد میں شامل ہونے کی پیشکش کی تھی تاہم پاکستان نے یہ پیشکش مسترد کر دی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظرف نے وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقاتوں میں سیز فائر اور مذاکرات کے ذریعے یمن کے مسئلے کے حل پر زور دیا تاہم انہوں نے پس پردہ کاؤنٹر اتحاد بنانے کا آپشن بھی رکھا۔ رپورٹ کے مطابق ترک صدر طیب اردگان نے گزشتہ دنوں ایران کا دورہ کر کے ایرانی قیادت سے ملاقاتیں کیں، انہوں نے میڈیا میں تو سعودی عرب کی حمایت کی باتیں کیں تاہم خفیہ طور پر دونوں ممالک ایک علیحدہ اتحاد کے قیام پر متفق ہوئے، جس میں شمولیت کی پاکستان کوبھی پیشکش کی گئی۔