ہوائی جہاز ملک وقوم کا قیمتی اثاثہ ہیں، حفاظت من حیث القوم ہم سب کی ذمہ داری ہے، سرفراز خان

ہفتہ 11 اپریل 2015 12:46

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 اپریل۔2015ء )بیس کمانڈر اےئر کموڈور پی اے ایف مصحف سرگودہا سرفراز خان نے کہا ہے کہ ہوائی جہاز ملک وقوم کا قیمتی اثاثہ ہیں جن کی حفاظت من حیث القوم ہماری سب کی ذمہ داری ہے ۔ یہ قومی کاز ہے ہر محب وطن شہری کو اس قومی ذمہ داری کو ادا کرنے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہیے۔ معمولی پرندوں کے ٹکرانے سے کروڑوں اربوں ڈالر کے جہاز تباہ ہو جاتے ہیں جو بحیثیت پاکستانی ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے ۔

انہوں نے برڈ ہیزرڈ کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ پانچ سال کے عرصہ میں پرندوں کے جہازوں سے ٹکرانے کے 1215حادثات ہو چکے ہیں۔ اس دوران کئی قیمتی جانوں اور جہاز وں کا نقصان ہوا جو ہمارے ملک کیلئے شدید نقصان کاباعث ثابت ہو ا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ قومی اثاثے ملک کو دشمن سے محفوظ رکھنے کیلئے ہوتے ہیں اگر یہ اثاثے محض معمولی پرندوں کے ٹکرانے سے تباہ ہوتے رہیں تو ہمیں کسی بیرونی دشمن کی بجائے اسی سے زیادہ نقصان ہو سکتا ہے ۔

اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے قیمتی قومی اثاثوں کی حفاظت کیلئے اپنے اندر قومی شعور بیدار کر تے ہوئے پاک فضائیہ کی لینڈنگ او رٹیک آف کی حدود میں گندگی اور ذبح شدہ جانوروں کی آلائشیں پھینکنے سے مکمل اجتناب کریں ۔ ٹی ایم اے او رکنٹونمنٹ شہر کا کوڑا کرکٹ اس حدود سے باہر پھینک کر اسے زمین میں دبا دیں ۔ پی اے ایف کی حدودمیں کبوتر بازی او رپتنگ بازی ہر گز نہ کی جائے او ربیس کی حدود میں ایسی اشیاء نہ پھینکی جائیں جس کی وجہ سے چیل ‘ گدھ او ردوسرے گوشت خور پرندے فضا میں منڈلاتے رہیں ۔

اس مقصد کیلئے ڈی سی او سرگودہا دفعہ 144 کا نفاذ کر کے ایسے افراد کے خلاف کاروائی کو یقینی بنائیں نیز پی اے ایف کے حساس علاقے میں کبوتر بازی اور پتنگ بازی کے خلاف بھی ا قدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ اجلاس میں پاک فضائیہ کی حدود میں سپرے کرنے کی بھی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ چمگادڑ او ردیگر جانوروں کی نقل وحرکت کو کنٹرول کیاجائے نیز ان علاقوں میں فش فارمنگ میں بھی احتیاط برتنے کی ضرورت پر زور دیاگیا۔

اجلاس میں استقلال آباد ‘ طارق آباد‘ چک نمبر 87‘ چک 88 ‘ 49 ٹیل ‘ مٹھہ معصوم ‘ چک نمبر 71 ‘ دھریمہ او ردیگر ملحقہ علاقوں میں برڈ ہیزرڈ کے خلاف بھر پور مہم شروع کرنے او راس ضمن میں عوام الناس میں شعور او رآگاہی پیدا کرنے کیلئے اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیاگیا ۔ سول انتظامیہ نے اس ضمن میں اپنے بھر پو رتعاون کا یقین دلایا ۔