منی لانڈرنگ کیس، کسٹم عدالت نے ماڈل ایان علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روزہ توسیع دیدی

ہفتہ 11 اپریل 2015 12:38

منی لانڈرنگ کیس، کسٹم عدالت نے ماڈل ایان علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 ..

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 اپریل۔2015ء ) راولپنڈی کی کسٹم عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں ماڈل ایان علی کے14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ میں مزید توسیع دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر چالان پیش کرنے کا حکم دیدیا ہے ۔ ہفتہ کے روز منی لانڈرنگ کیس میں ماڈل ایان علی کو چودہ روز جوڈیشل ریمانڈ کے بعد تیسری بار راولپنڈی کی کسٹم عدالت کے جج چوہدری ممتاز حسین کے روبرو پیش کیا گیا،اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

پہلی دفعہ ایان کو بغیر نقاب کے عدالت میں پیش کیا گیا ۔دوران سماعت کسٹم عدالت کے جج چوہدری ممتاز حسین نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیس کا عبوری چالان اب تک کیوں تیار نہیں کیا گیا جس پر تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ چالان تیار کرنے کے لئے ابھی مزید کچھ وقت چاہئے لہٰذا عدالت سے درخواست ہے کہ ملزمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید توسیع کی جائے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران ایان علی کی جانب سے درخواست کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ وہ اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لئے گواہ پیش کرنا چاہتی ہیں، عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے کسٹم حکام کو حکم دیا کہ ملزمہ کے تمام گواہان کے بیانات کو ریکارڈ کرکے چالان کا حصہ بنایا جائے اور آئندہ سماعت میں ہر صورت مقدمے کا چالان پیش کیا جائے۔ عدالت نے ایان علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے سماعت 24 اپریل تک ملتوی کردی۔۔ واضح رہے کہ ماڈل ایان علی کو14 مارچ کو اسلام آباد ائیر پورٹ پر 5لاکھ ڈالر بیر ون ملک سمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔قانونی ماہرین کے مطابق اگر ماڈل ایان پر فردجرم ثابت ہو جاتی ہے تو 14 سال کی سزا اور جرمانہ بھی ہو سکتا ہے

متعلقہ عنوان :