ایکنک نے وزیر اعظم سکیم کے تحت4 لاکھ لیپ ٹاپ کیلئے 21 ارب 33 کروڑ 55 لاکھ ، گدو بیراج کی بحالی کیلئے 21 ارب 24 کروڑ کے منصوبے، صوبہ سندھ و بلوچستان میں 2010 کے سیلاب میں تباہ 309 کلو میٹرلمبی سڑکوں کی بحالی کے منصوبوں کی منظوری دیدی

جمعہ 10 اپریل 2015 22:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء) قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی ( ایکنک )نے وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت 21 ارب 33 کروڑ 55 لاکھ روپے کے چار لاکھ لیپ ٹاپ کمپیوٹر طلباء و طالبات میں تقسیم کرنے ‘ گدو بیراج کی بحالی و اپ ڈیٹ کرنے 21 ارب 24 کروڑ روپے کے منصوبے اور صوبہ سندھ و بلوچستان میں 2010 کے سیلاب میں تباہ ہونے والی 309 کلو میٹر سڑکوں کی بحالی کے منصوبوں کی منظوری دیدی۔

جمعہ کے روز قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزیر اعظم ہاؤس میں منعقد ہوا۔ جس میں وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت طلباء و طالبات میں چار لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔ مذکورہ منصوبے پر 21 ارب 33 کروڑ 54لاکھ 98 ہزار روپے لاگت آئے گی جبکہ منصوبے کے تحت مقامی سطح پر تیار ہونے والے لیپ ٹاپ خریدے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ایکنک کو بتایا گیا کہ صوبہ سندھ و بلوچستان سمیت ملک بھر میں 2010ء کے سیلاب میں تباہ ہونے والی 343کلو میٹر طویل سڑکوں کی بحالی کا منصوبہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ 309 کلو میٹر طویل سڑکوں کی بحالی آئندہ اڑھائی سال میں ممکن بنانے کا منصوبہ پیش کیا گیا جو ایکنک نے منظور کرلیا۔ علاوہ ازیں ایکنک کے اجلاس میں صوبہ سندھ میں بیراجوں کی بہتری کے منصوبے کے تحت گدو بیراج کی بحالی و اپ ڈیٹ کرنے کی منظوری دی گئی جس پر 21 ارب 24 کروڑ 10 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ …(ر انا+را)

متعلقہ عنوان :