21ویں صدی کے تقاضوں اورحالات کا مقابلہ علم و ہنر کے بغیر ممکن نہیں،وزیر اعلیٰ بلوچستان

طلباء دور حاضر کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے جدید اور معیاری تعلیم پر خصوصی توجہ دیں، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

جمعہ 10 اپریل 2015 22:46

گوادر( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء ) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ 21ویں صدی کے تقاضوں اورحالات کا مقابلہ علم و ہنر کے بغیر ممکن نہیں طلباء دور حاضر کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے جدید اور معیاری تعلیم پر خصوصی توجہ دیں، ہماری قومی بقاء کے لیے معیاری تعلیم ناگزیر ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی زیر نگرانی گوادر ہائر سیکنڈری سکول کے دورے اور نئے تعمیر شدہ ہاسٹل کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پسماندگی اور جہالت سے نجات کے لیے طلباء اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں، انہوں نے کہا کہ دنیا میں آج تک جہالت نے کسی کی مدد نہیں کی ہے، 21ویں صدی علم و ہنر اور انسانی وسائل کی صدی ہے اور اس میں وہی قوم اپنی بقاء کی حفاظت کر سکے گی جو اس صدی کے چیلنجوں کے لیے خود کو تیار کریگی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر طلباء کے لیے تعمیر شدہ ہاسٹل کی عمارت کا افتتاح کیا اور تختی کی نقاب کشائی کی۔