گیس چوروں کے خلاف کارروائیاں کرنے کے لیے خصوصی پولیس اسٹیشن کا قیام

جمعہ 10 اپریل 2015 22:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء) گیس چوروں کے خلاف موٴثر اور فوری کارروائی کرنے کی غرض سے قایئم کیے جانے والے پہلے پولیس اسٹیشن کی افتتاحی تقریب جمعہ کو منعقد ہوئی۔ اس پولیس اسٹیشن کا افتتاح مشترکہ طور پر فیروز شاہ ، ڈی آئی جی (غربی) اور خالد رحمٰن، ایم ڈی سوئی سدرن گیس نے کیا۔یہ پولیس اسٹیشن سوئی سدرن گیس اور پولیس کے اعلٰی حکاّم کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے۔

سوئی سدرن گیس گزشتہ ایک برس سے اس طرز کے خصوصی پولیس اسٹیشن کے قیام کے لیے کوشاں تھی جس کے ذریعے گیس چوری کے سلسلے میں کمپنی کی جاری کارروائیوں کو مزیدموٴثر بنایا جا سکے۔گیس کی چوری کا عنصرکمپنی کے ترسیلی نقصانات میں اضافے کا ایک بنیادی اور اہم سبب ہے جس کی وجہ سے ادارے کو بڑی مقدار میں مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس نو تعمیر شدہ پولیس اسٹیشن کے ذریعے اب تیز رفتاری کے ساتھ گیس چوروں کے خلاف چھاپے ، ملزمان کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج، اس چوری سے متعلق شواہد کا جمع کیا جانا اور عدالتوں میں سرعت کے ساتھ مقدمات کا پیش کرنا آسان ہو جائے گا۔

افتتاحی تقریب میں سوئی سدرن گیس کے ایم ڈی اور ڈی آئی جی ضلع غربی نے اپنے خطاب میں اس چوری کی لعنت پر قابو پانے کے سلسلے میں باہم مل جل کر کارروائی کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ پولیس چیف نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ گیس چوروں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کی خبریں اور تصاویر کو میڈیا کو جاری کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ اس پولیس اسٹیشن کے قیام کے سلسلے میں غلام حیدر جمالی، آئی جی پولیس سندھ اور نعمان صدیقی، SSP )سینٹرل( علیم جعفری، ڈی آئی جی ( ہیڈ کوارٹر) نے قابلِ قدر کردار ادا کیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل رینجرز، میجر جنرل بلال اختر نے بھی ان چوروں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں میں اپنا مکمّل تعاون فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔افتتاحی تقریب میں سوئی سدرن کے ڈی ایم ڈی شعیب وارثی، میجر ریٹائرڈ محمّد اختر، سئنئیر جنرل مینجر ( ایم ایس) ڈاکٹر اعجاز احمد، سئنئیر جنرل مینجر کسٹمر سروسز، لیفٹننٹ کرنل(ریٹائرڈ) شعیب احمد قریشی، ایکٹنگ جنرل مینجر سیکورٹی اینڈ ایڈمن سروسز اور دیگرعہدے داران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :