تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم اور امیدواروں کی نامزدگی کیلئے پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا

جمعہ 10 اپریل 2015 22:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم اور امیدواروں کی نامزدگی کیلئے پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا ۔ کور کمیٹی تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی جانب سے تجویز کیے جانے والے بورڈ کی باقاعدہ منظوری دے چکی ہے۔ مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سیف اللہ خان نیازی نے بورڈ کی ساخت اور خدوخال کے حوالے سے بات کرتے ہوے بتایا کہ تحصیل/ٹاون ، تعلقہ کی سطح پر قائم کیے جانے والے پارلیمانی بورڈ میں متعلقہ صدور، جنرل سیکرٹریز کے ساتھ اراکین صوبائی و قومی اسمبلی بھی شامل ہوں گے۔

کسی بھی تحصیل/ٹاون/تالوکہ سے تعلق رکھنے والے صوبائی اور مرکزی عہدیداران کو بھی بورڈ کا رکن بنایا جائے گا جبکہ خواتین اور نوجوان کی نمائندگی متعلقہ علاقوں کی خاتون صدور اور نوجوان صدور کے ذریعے کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹکٹوں کی تقسیم کے عمل میں جنم لینے والی شکایات کے ازالے کیلئے ضلعی سطح پر اپلیٹ بورڈ بھی تشکیل دیے جائینگے جن کی سربراہی کسی غیر جانبدار شخص کو سونپی جائے گی اور ضلعی صدور اور جماعتی انتخابات میں صدر سے کم ووٹ حاصل کرنے والے امیدوار کو اس اپلیٹ بورڈ میں شامل کیا جائے گا۔

تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل نے مزید بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے ٹکٹوں کی تقسیم کے عمل کے دوران مفادات کے تصادم کے ازالے کیلئے ٹکٹ کے خواہشمند افراد اور ان کے اعزاء و اقارب کی پارلیمانی بورڈز میں شمولیت پر مکمل طور پر پابندی عائد کی گئی ہے، چنانچہ امیدوار اور اس کے رشتہ داروں میں سے کوئی بھی پارلیمانی بورڈ کا رکن بننے کے اہل نہیں۔