دو مرتبہ امریکہ کی لڑائی لڑی ہے اب مسئلہ امریکہ کا نہیں روضہ رسول اور خانہ کعبہ کا ہے ہم غیرجانبدار نہیں رہ سکتے مشاہد اللہ خان

جمعہ 10 اپریل 2015 22:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات وفاقی وزیر سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ دو مرتبہ امریکہ کی لڑائی لڑی ہے اب مسئلہ امریکہ کا نہیں روضہ رسول اور خانہ کعبہ کا ہے ہم غیرجانبدار نہیں رہ سکتے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کی تکمیل سے ملک اقتصادی قوت بنے گا، پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ سے ملک کے گیس اور بجلی کے مسائل حل ہونگے  این اے 246میں پی ٹی آئی جماعت اسلامی کے حق میں بیٹھ گئی تو پھر مقابلہ بنے گا۔

وہ جمعہ کو مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے وفاقی وزیر سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ پارلیمنٹ قوم کی آواز ہے، عرب ممالک میں شورش بڑا اہم مسئلہ ہے، پارلیمنٹ نے اجتماعی دانش کا مظاہرہ کرتے ہوئے قرارداد کی منظوری دے دی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمد نواز شریف نے اس حوالے سے پیش رفت کا آغاز کر دیا ہے، ترکی کا دورہ اس سلسلے کی ایک کڑی ہے اس کے علاوہ ایرانی وزیرخارجہ بھی پاکستان کے دورے پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ 1979ء میں جب خانہ کعبہ پر قبضے کی کوشش کی گئی تو چشم زدن میں ہمارے لاکھوں لوگ سڑکوں پر نکل آئے تھے۔ مکہ اور مدینہ سے ہماری روحانی اور جذباتی وابستگی ہے۔ امید ہے اس مرتبہ ایسی نوبت نہیں آئے گی کیونکہ ہوثی باغیوں نے سیزفائر پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ انسانی جانوں کا ضیاع ہوا وہاں آمریت ختم کرنے کے لئے کوئی اور طریقہ بھی اختیار کیا جا سکتا تھا، امریکہ نے اس صورتحال میں جانبداری کا ثبوت ہے ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مسئلہ سے دور نہیں رہ سکتا۔ عالم اسلام میں پاکستان کا اہم مقام ہے، ہم نے مسائل کے باوجود ہر میدان میں ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی علاقائی سالمیت بھی ہے مگر مقدس مقامات سے ہماری جذباتی وابستگی ہے اس معاملے پر ہم غیرجانبدار رہے تو پورا عالم اسلام ہم سے پوچھے گا کہ آپ تو ایٹمی قوت ہیں آپ نے ایسا کیوں کیا؟ قرارداد پر اتفاق رائے حکومت کا کارنامہ اور تمام سیاسی جماعتیں بھی مبارکباد کی مستحق ہیں۔

یمن کے عوام ہمارے بھائی ہیں، ساری امت کو آپس میں بھائی چارے اور خیرسگالی کا طرز عمل اختیار کرنا چاہیے، کوئی بیرونی قوت ہمیں لڑانا بھی چاہے تو ہمیں نہیں لڑنا چاہیے۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ لوگ اس بات کو سمجھ رہے ہیں، پہلے کہا جا رہا تھا کہ گیس پائپ لائن نہیں بچھ سکتی، ایران پاکستان گیس پائپ لائن بچھنے سے ہمارے گیس اور بجلی کے مسائل حل ہونگے۔

دنیا کے تمام مسلمانوں کی خانہ کعبہ اور روضہ رسول کی حفاظت کی ذمہ داری ہے، ہم نے دو مرتبہ امریکہ کی لڑائی لڑی ہے اب مسئلہ امریکہ کا نہیں روضہ رسول اور خانہ کعبہ کا ہے۔ پاکستان نے جب امریکہ کی جنگ لڑی تو اس میں جمہوری حکومتیں نہیں تھیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، سب کو پتہ ہے کہ میاں نواز شریف ہی ملک کو اقتصادی قوت بنا سکتا ہے وہ لوگ اس لئے نواز شریف کے مخالف ہیں کہ اگر ملک ایٹمی قوت کے ساتھ ساتھ اقتصادی قوت بھی بن گیا تو یہ کسی سے کنٹرول نہیں ہو گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چند دنوں میں چینی صدر پاکستان کے دورے پر آ رہے ہیں۔ پاک چین اقتصادی کوریڈور امریکہ کو اچھا نہیں لگے گا، اس سے ملک کی معاشی ترقی بہت تیزی سے ہو گی، چینی سمجھدار اور ذہین لوگ ہیں، امریکہ بھی 15ہزار ٹریلین ڈالر کا چین کا مقروض ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ این اے 246میں اگر پی ٹی آئی جماعت اسلامی کے حق میں بیٹھ گئی تو پھر مقابلہ بنے گا۔

متعلقہ عنوان :