بینک آف خیبر نے شیئر ہولڈر کیلئے31دسمبر2014کو ختم ہونے والے سال میں 10فیصدڈیوڈنٹ کی متفقہ منظوری دیدی

جمعہ 10 اپریل 2015 22:05

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء ) بینک آف خیبر نے اپنے چوبیسویں سالانہ عام اجلاس میں متفقہ طور پر شیئر ہولڈر کیلئے31دسمبر2014کو ختم ہونے والے سال میں 10فیصدڈیوڈنٹ کی متفقہ منظوری دے دی ہے ۔بینک آف خیبر کے24ویں سالانہ عام اجلاس کی صدارت صوبہ خیبر پختوانخوا کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور بینک آف خیبر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ڈاکٹر حماد اویس آغا نے کی اجلاس میں جناب شمس القیوم منیجنگ ڈائریکٹر بینک آف خیبر ڈاکٹر احسان الحق ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز کے علاوہ شیئر ہولڈرز سینئر ایگزیکٹیو ز اور افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں منظوری دی گئی کہ ڈیویڈنٹ کی نقد ادائیگی بحساب ایک روپیہ فی شیئر یعنی10فیصدہو گی۔ ڈاکٹر حماد اویس آغا چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اپنے خطاب میں بینک کی ترقی اور پیش رفت میں بینک کے عملہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ان کو مزید محنت اور دل جمی سے کام کر کے ادارے کو نئی کامیابیوں سے ہمکنار کرنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا بینک آف خیبر صوبہ خیبر پختوانخوا اور وطن عزیز کے دیگر حصوں میں معاشی ترقیاتی سرگرمیوں کے فروغ میں اپنا اہم کردار ادا کر رہا ہے اس میں مزید بہتری کی گنجائش ہے اس کیلئے ہم سب کو ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کرنا چاہیے ۔

اس موقع پرمنیجنگ ڈائریکٹر بینک آف خیبر جناب شمس القیوم نے شیئرہولڈرز سے اظہار خیال کرتے ہوئے بینک کے ترقیاتی اہداف اور31دسمبر2014ء تک کی مختلف شعبوں میں کارکردگی کا جائزہ پیش کیا انہوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بینک نے سال 2013کے عرصہ میں ایک ارب ستر کروڑ کے مقابلے میں سال2014میں دو ارب دس کروڑ روپے سے زائد آپریٹنگ منافع کمایا جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔

بینک کی ملک بھر میں116شاخیں کام کر رہی ہیں اس کے علاوہ دو زیلی شاخیں اور دو بوتھ بھی کام کر رہے ہیں۔ یہ امر بھی باعث مسرت ہے کہ ہماری54برانچیں خالصتاً اسلامی بینکاری کر رہی ہیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے سال2015میں بینک آف خیبر کو 14نئی اشاخوں کے قیام کی منظوری دی ہے جن میں سے 12برانچیں خالصتاً اسلامی بینکاری کرئے گی اور شاخوں کی کل تعداد 130ہو جائے گی۔جناب شمس القیوم نے اس موقع پر صوبائی حکومت خاص طور پر وزیر اعلیٰ ،زیر خزانہ خیبر چیف سیکرٹری اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے تعاون اور سرپرستی کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ ان کی سرپرستی کی وجہ سے بینک یہ اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔