شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کو یقینی بنایا گیا تو این اے 246 سے جماعت اسلامی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی ‘ حافظ محمد ادریس

جمعہ 10 اپریل 2015 21:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ عالمی استعمار امت کو انتشار کا شکار کرکے باہمی جنگ و جدل کی دلدل میں دھکیلنا چاہتا ہے ،یمن کا مسئلہ فوری حل کرنے کی ضرورت ہے اگر یہ آگ پھیلی تو پورا عالم اسلام اس کی زد میں ہو گا اور ایک بڑی تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا،عالمی استعمار سے نہیں امت کو اپنے اندر موجود اس کے ایجنٹوں سے خطرہ ہے جو عالم اسلام کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں ،پارلیمنٹ میں یمن کے مسئلہ پر بحث خوش آئند مگر جب تک حکمران جرأت کے ساتھ امریکی سازشوں کا پول نہیں کھولتے اور عالم اسلام کو متحد کرنے کیلئے کوشش نہیں کرتے مسائل حل ہونے کی بجائے مزید بگڑیں گے ۔

نبیل گبول نے ایم کیو ایم کی کارستانیوں کا پول کھول دیا ہے ،اگر اب بھی کوئی ایم کیو ایم کے ٹھپہ مینڈیٹ کے بارے میں کسی دھوکے کا شکار ہے تو اسے اپنی عقل پر ماتم کرنا چاہئے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محمد ادریس نے کہا کہ کراچی کے عوام کو گزشتہ تیس سال سے اپنی آزادانہ مرضی سے اپنے نمائندوں کا انتخاب نہیں کرنے دیا گیا۔

ایم کیو ایم کی فسطائیت کا مقابلہ تنہا جماعت اسلامی کرتی رہی،ہمارے کارکنان کو شہید کیا گیا اور پولنگ اسٹیشنوں پر قبضہ کرکے ہر بار جعلی اور بوگس مینڈیٹ حاصل کیا گیا مگر تمام ادارے پوری طرح باخبر ہونے کے باوجود خاموش تماشائی بنے رہے ،انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی دھاندلی کے واضح اور ناقابل تردید ثبوت ہونے کے باوجود الیکشن کمیشن سمیت کسی ادارے نے اس کے خلاف آواز اٹھائی نہ کوئی قانونی کاروائی کی گئی ،اب جبکہ نائن زیرو سے اسلحہ کے انبار اور مختلف مقدمات میں مفرورخطرناک مجرم پکڑے گئے ہیں اور خود اایم کیو ایم کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے ضمیر جاگنے پر کراچی میں انتخابات کی حقیقت سے پردہ اٹھا رہے ہیں تو حکمرانوں اور الیکشن کمیشن کا فرض بنتا ہے کہ وہ کراچی کے عوام کو اس فراڈ اور جعلی مینڈیٹ سے محفوظ رکھنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں ۔

انہوں نے کہا کہ اگر آج بھی کراچی میں شفاف اور غیر جانبدار انتخابات ہوں تو جماعت اسلامی کو کوئی قوت شکست نہیں دے سکتی ۔جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے دلوں کی آواز ہے ،جماعت اسلامی نے کراچی کے عوام کی خدمت کی ہے ،ہمارا دامن صاف ہے اورہمارا بدترین مخالف بھی ہمارے کسی کارکن پر کرپشن کا الزام نہیں لگا سکا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کو یقینی بنایا گیا تو این اے 246 سے جماعت اسلامی کے امیدوار راشد نسیم بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے ۔

متعلقہ عنوان :