Live Updates

سندھ ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے ارکان صوبائی اسمبلی سے متعلق دائر درخواست پر اسپیکر سندھ اسمبلی سے تصدیقی رپورٹ طلب کر لی

جمعہ 10 اپریل 2015 20:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء) سندھ ہائی کورٹ نے ایم کیو ایم کی جانب سے پی ٹی آئی کے ارکان صوبائی اسمبلی سے متعلق دائر درخواست پر اسپیکر سندھ اسمبلی سے تصدیقی رپورٹ طلب کر لی ۔سندھ ہائی کورٹ میں شاہد شیخ کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی کہ پی ٹی آئی کے چار ارکان صوبائی اسمبلی اپنی رکنیت سے استعفیٰ دے چکے ہیں، لہٰذا نہ صرف ان کے استعفے منظور کئے جائیں بلکہ ان نشستوں پر فوری طور پر ضمنی انتخابات بھی کرائے جائیں۔

(جاری ہے)

درخواست کی سماعت چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی۔ دوران سماعت سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلیوں میں واپس آ چکے ہیں لہٰذا ان کے استعفے منظور نہیں کئے جا سکتے۔ حکومتی جواب کے بعد عدالت نے ہدایت کی کہ پی ٹی آئی کے ارکان صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں واپسی سے متعلق اسپیکر سندھ اسمبلی کی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی جائے۔ عدالت نے درخواست کی سماعت تین ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات