حکومت توانائی کی پیداوار کے منصوبے جنگی بنیادوں پر مکمل کرے ‘ لاہور چیمبر

جمعہ 10 اپریل 2015 20:49

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سید محمود غزنوی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ توانائی کی پیداوار کے منصوبے جنگی بنیادوں پر مکمل کرے ، توانائی کی بچت اگرچہ اچھا اقدام ہے لیکن یہ توانائی کے بحران کا مستقل حل صرف ہائیڈل منصوبوں کی جلد تکمیل ہی ہے، مارکیٹیں جلد بند کرنے کا فیصلہ تاجر برادری کی مشاورت سے کیا جائے تاکہ کاروباری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔

ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر نے کہا کہ ملک کو طویل عرصے توانائی کے سنگین بحران کا سامنا ہے، اگر ماضی میں بالخصوص ہائیڈل منصوبوں کی جلد تکمیل اور بڑے ڈیموں کی تعمیر پر توجہ دی گئی ہوتی تو آج حالات مختلف ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کا بحران بالخصوص مینوفیکچرنگ سیکٹر کی نشوونما کو بہت بْری طرح متاثر کررہا ہے، صنعتی پیداوار میں کمی کی وجہ سے ایکسپورٹ سے وابستہ صنعتیں اپنے برآمدی اہداف پورے کرنے سے قاصر ہیں ، اگر یہی صورتحال رہی تو نہ صرف برآمدات پر منفی اثرات مرتب ہونگے بلکہ صنعتی یونٹس کی بندش کی وجہ سے بے روزگاری میں اضافہ اور حکومتی محاصل میں کمی ہوگی۔

(جاری ہے)

سید محمود غزنوی نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی بین الاقوامی مارکیٹ کا ایک بڑا حصہ کھوچکا ہے اور اگر توانائی کے بحران کا مستقل حل تلاش نہ کیا گیا تو رہے سہے غیرملکی خریدار بھی ہاتھوں سے نکل جانے کا خدشہ ہے۔ سید محمود غزنوی نے کہا کہ مارکیٹیں جلد بند کرنے کا فیصلہ تاجر برادری کی مشاورت سے کیا جائے کیونکہ مشاورت کے بغیر اٹھایا گیا قدم مطلوبہ نتائج کا حامل نہیں ہوگا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر نے مزید کہا کہ ملک میں پہلی مرتبہ ایل این جی کا آنا بہت خوش آئند ہے کیونکہ اس سے توانائی کے بحران پر قابو پانے میں بہت ملے گی مگر ضروری ہے کہ ملک میں ایل این جی کی ترسیل جلد سے جلد شروع کی جائے۔

متعلقہ عنوان :