کوہاٹ ،پولیس کا سرچ آپریشن اشتہاری گروہ کے اہم رکن سمیت 80 مشتبہ افراد گرفتار

جمعہ 10 اپریل 2015 20:35

کوہاٹ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء ) کوہاٹ لاچی کے علاقوں درملک اور غورزندی میں پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران درجنوں سنگین وارداتوں میں مطلوب اشتہاری گروہ کے اہم رکن سمیت 80 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیاہے ۔آپریشن میں خود کار ہتھیاروں کا بڑا ذخیرہ بھی قبضے میں لیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق قومی ایکشن پلان کے تحت مشتبہ دہشتگردوں،سنگین وارداتوں میں مطلوب اشتہاریوں اور جرائم پیشہ افراد کے تعاقب میں ضلعی پولیس کا سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن جاری ہے جسکے تسلسل میں لاچی پولیس نے ڈی ایس پی میر زلی اور ایس ایچ او انسپکٹر سادات خان کی قیادت میں لاچی کے نواحی علاقہ درملک میں اشتہاریوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مار کر اغواء برائے تاوان،سیکیورٹی فورسز پر حملوں،بھتہ خوری،ڈکیتی و رہزنی اور اجرت پر قتل کے درجنوں سنگین وارداتوں میں صوبہ بھر کی پولیس کو مطوب خطرناک اشتہاری گروہ کے اہم رکن افسر خان کو گرفتار کر لیاجبکہ مزکورہ دیہات اور مضافاتی گاؤں غورزندی کے محاصرے اور تلاشی آپریشن کے دوران پولیس پارٹی نے بڑی تعداد میں خود کار اور ناجائز اسلحہ جسمیں تین ایس ایم جی،سات شاٹ گن،آٹھ رائفل،چھ پستول اور سینکڑوں کارتوس شامل ہیں برآمد کر کے قبضے میں لے لیاہے اس اثناء میں پولیس نے ان علاقوں سے 80 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیکر چھان بین کیلئے تھانہ لاچی منتقل کر دیا جہاں متعدد ملزمان کے خلاف لائسنس کے بغیر ناجائز طور پر ممنوعہ اسلحہ رکھنے کے الزام میں مقدمات قائم کر دئیے گئے ہیں اور انہیں مزید تفتیش کیلئے انوسٹی گیشن سٹاف کے حوالے کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گرفتار اشتہاری مجرم افسر خان علاقہ کیلئے دہشت کی علامت لیاقت خان کا بھائی ہے جسکا تعلق بھی انتہائی مطلوب اسی اشتہاری گروپ سے ہے اور وہ سنگین وارداتوں کی متعدد کاروائیوں میں بھی شامل رہا ہے جبکہ صوبائی حکومت کی طرف سے اس گروپ میں شامل اشتہاریوں کی گرفتاری پرلاکھوں روپے کا انعام بھی مقرر کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :