قومی وطن پارٹی کے صوبائی چےئرمین سکندرحیات خان شیرپاوٴ کا اجتماع سے خطاب

جمعہ 10 اپریل 2015 20:32

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء ) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چےئرمین سکندرحیات خان شیرپاوٴ نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عملدرآمد کرکے امن کے قیام کو یقینی بنایا جا ئے کیونکہ امن کے پائیدار قیام کے بغیرترقی و خوشحالی کا حصول ناممکن ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعہ کے روز پی کے آٹھ پشاورمیں شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجتماع سے قومی وطن پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر اور ضلع پشاور کے سینئر وائس چیئرمین حاجی محمد شفیع داؤدزئی نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پرمسلم لیگ،جے یو آئی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سرکردہ کارکنوں اور عہدیداروں حاجی شریف جان،حاجی زین اللہ،حاجی شیرزادہ،حاجی آفتاب،پائیو خان،حاجی گل شریف،مشتاق خان، عالزیب خان،نصراللہ خان،معاذاللہ خان،عمرزیب خان اور جان عالم خان نے اپنے ساتھیوں اورخاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

سکندرشیرپاؤ نے کہا کہ امن کے قیام اور دہشت گردی کی عفریت کے خاتمے کیلئے پوری قوم متحد ہو چکی ہے اوراس سلسلے میں نتیجہ خیز اقدامات ناگزیر ہیں۔انھوں نے کہا کہ امن کے قیام کی خاطر پختونوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں تاہم ان کی محرومیوں کے خاتمے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی غلط پالیسیوں اور خراب طرز حکمرانی کی وجہ سے نہ صرف صوبہ کی پسماندگی میں اضافہ ہوا ہے بلکہ پختونوں کی محرومیاں بھی حد درجے بڑھ چکی ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی ترقیاتی فنڈز کا زیادہ حصہ ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔انھوں نے کاشغر گوادر ٹریڈ روٹ پر پنجاب میں پہلے فیز پر کام کے حوالے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ پسماندہ علاقوں کے ساتھ زیادتی ہو گی اور اس کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ خیبر پختونخوا میں پہلا فیز مکمل کیا جائے اوراس کے بعد روٹ کو مزید وسعت دی جائے۔

انھوں نے خیبر پختونخوا میں بجلی لوڈشیڈنگ کے طویل دورانیہ کوصوبہ کے ساتھ امتیازی پالیسی قرار دیااورکہا کہ 18,18گھنٹے لوڈشیڈنگ سے کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا ہے۔انھوں نے مزیدکہا کہ پی ٹی آئی صوبہ اور پختونوں کی صحیح نمائندگی کرنے کی قابل نہیں اورپختونوں کے مسائل و مشکلات اور صوبہ کے اہم معاملات نمٹانے کی بجائے نان ایشوز میں الجھ کر رہ گئی ہے جس کی وجہ سے پختونوں کا صوبائی حکومت سے اعتماد اٹھ چکا ہے۔

سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا اور قبائیلی علاقہ جات میں صحیح مردم شماری کی جائے تاکہ صحیح اعداد و شمار سامنے آئے۔انھوں نے مزید کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے اور ان کے مسائل و مشکلات کے خاتمے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت خطے میں امن کے قیام کیلئے جدوجہد کرتی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :