شہداء آرمی پبلک سکول کی بے مثال قربانی رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی، شہداء قوم کے دلوں میں زندہ ہیں، آرمی پبلک سکول کے بہادر اور غیرت مند بچوں کے عزم اور حوصلے کو پوری دنیا نے سلام پیش کیا ، آرمی پبلک سکول پر دہشت گردی کی بہیمانہ کارروائی قوم کے دلوں پر حملہ تھا

جمعہ 10 اپریل 2015 20:29

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء ) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کمشنر آفس پشاور میںآ رمی پبلک سکول کے شہداء کی بہادری اور قربانیوں کے اعتراف میں تمغہ شجاعت عطا کیا جو شہید بچوں کے لواحقین نے وصول کیا۔تمغہ شجاعت کا اعزاز حاصل کرنے والے شہداء آرمی پبلک سکول میں عبد الرشید شہید، عادل اعزاز شہید، آصف علی سردار شہید، باسط علی شہید، شہود عالم شہید، حمزہ علی کاکڑ شہید، سحر افشاں شہید، حفظہ شہید،بینیش پرویز شہید کے نام شامل ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہداء آرمی پبلک سکول کی بے مثال قربانی رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی، شہداء قوم کے دلوں میں زندہ ہیں، آرمی پبلک سکول کے بہادر اور غیرت مند بچوں کے عزم اور حوصلے کو پوری دنیا نے سلام پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ آرمی پبلک سکول پر دہشت گردی کی بہیمانہ کارروائی قوم کے دلوں پر حملہ تھا ۔

یہ ایک ایسا دلخراش واقعہ ہے جس کو فراموش نہیں کیا جا سکتا اور پوری قوم آج تک رنج و غم میں مبتلا ہے۔انہوں نے شہید بچوں کی بہادری و قربانیاور لواحقین کے صبر و استقامت او عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بچوں نے ثابت کر دیا کہ وہ ایک بہادر اور غیور قوم کے بچے ہیں، ہمارے ان شہید بچوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گااور دہشتگردوں کو اپنے ناکام عزائم میں شکست فاش ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کو ایوارڈ سے نوازنا اور ان کے نام پر تعلیمی اداروں کو منسوب کرنے سے ہمارے بچے تو واپس اس دنیا میں نہیں آسکتے لیکن ان کی یاد ہر موقع پر ہمارے دلوں میں زندہ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پورا ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے اور اس جنگ میں خیبر پختونخوا کا بہت نقصان ہوا ہے۔ سانحہ آرمی پبلک سکول کے واقعہ کے بعد صوبائی حکومت نے تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی مضبوط بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے اس ضمن میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو سیکیورٹی انتظامات کے لئے فنڈز بھی فراہم کئے گئے کیوں کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں جس پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

تقریب میں شہداء آرمی پبلک سکول کے درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی گئی۔تقریب میں صوبائی وزیر معدنیات ضیاء اللہ آفریدی، کمشنر پشاور کیپٹن ریٹائرڈ منیر اعظم اور شہداء آرمی پبلک سکول کے والدین و عزیز و اقارب بھی موجود تھے۔