کراچی میں ٹرانسپورٹ کے مختلف منصوبوں کے روٹ پلان کی منظوری دے دی گئی

ماس ٹرانزٹ پروگرام کے تحت بس ریپڈ ٹرانسپورٹ منصوبے مکمل کیے جائیں گے ،چیف سیکرٹری سندھ

جمعہ 10 اپریل 2015 20:27

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء) چیف سیکرٹری سندھ محمد صدیق میمن کی زیر صدارت جمعہ کو ایک اجلاس میں کراچی میں ٹرانسپورٹ کے مختلف منصوبوں کے روٹ پلان کی منظوری دی گئی ۔ماس ٹرانزٹ پروگرام کے تحت بس ریپڈ ٹرانسپورٹ منصوبے مکمل کیے جائیں گے ۔بلیو لائن بس پروجیکٹ روٹ 22.4کلیو میٹر پر محیط ہوگا ،جس سے یومیہ 6لاکھ 61ہزار مسافر سفر کریں گے ۔

بلیو لائن بس منصوبہ نئی سبزی منڈی تا ٹاور کے درمیان ہوگا ۔ریڈ لائن پروجیکٹ 21.5کلو میٹر طویل ہوگا ۔ریڈ لائن بس روٹ ماڈل کالونی ملیر اور کینٹ تا یونیورسٹی سے مزار قائد ہوگا ۔اس روٹ پر یومیہ 3لاکھ مسافر سفر کریں گے ۔بس ریپڈ ٹرانسپورٹ گرین لائن منصوبہ 21کلیو میٹر طویل ہوگا ۔گرین لائن پروجیکٹ سے 4لاکھ مسافر یومیہ استفادہ کریں گے ۔

(جاری ہے)

گرین لائن بس منصوبہ سرجانی ٹاوٴن تا جامع کلاتھ براستہ ناظم آباد ،ایم اے جناح روڈ ہوگا ۔

اورنج لائن پروجیکٹ 4کلو ملیٹر طویل ہوگا اور اس منصوبے کے ذریعہ یومیہ ڈیڑھ لاکھ مسافروں کو سفری سہولیات میسر ہوں گی ۔اورنج لائن بس پروجیکٹ اورنگی قصبہ کالونی اور نارتھ ناظم آباد کے درمیان ہوگا ۔اجلاس کے دوران سیکرٹری ٹرانسپورٹ طحہ احمد فاروقی نے ٹرانسپورٹ کو نئے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ ان منصوبوں کے آغاز سے کراچی کے شہریوں کو محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات میسر آئیں گی اور لوگ اپنی گاڑیوں کی بجائے پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعہ سفر کو ترجیح دیں گے ۔

متعلقہ عنوان :