صدر الدین شاہ راشدی کی سربراہی میں وزارت کے سیکرٹری اور دوسرے اعلی افسران کا اجلاس وفاقی وزیر کو بریفنگ دی گئی

جمعہ 10 اپریل 2015 20:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء)وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل پیر صدر الدین شاہ راشدی کی سربراہی میں وزارت کے سیکرٹری اور دوسرے اعلی افسران کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزارت کے دو ماتحت اداروں ورکرز ویلفیئر فنڈ اور بیورو آف امیگریشن اور اوورسیز ایمپلائمنٹ کے نظام کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

متعلقہ حکام نے دونوں منصوبوں پر مکمل بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر نے اس عمل کو جلد سے جلد مکمل کرنے پر زور دیا تاکہ ان اداروں سے مستفید ہونے والے افراد فائدہ اٹھا سکیں اور ان کے استحصال کا خاتمہ ہو۔ اس نظام کے کام کرنے سے کارکنوں کو شادی بیاہ اور فوتگی گرانٹ کی ادائیگی، علاج معالجہ، تعلیم و تربیت اور تعلیمی وظائف کا حصول شفاف طریقے سے ہوگا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر متعلقہ حکام نے وفاقی وزیر کو یقین دلایا کہ یہ عمل اس سال اکتوبر تک شروع کر دیا جائے گا۔ اسی طرح سمندر پار پاکستانیوں کو روزگار کے حصول کے سلسلہ میں غیر ملکی آمد و رفت کو آسان بنانے کیلئے بیورو آف امیگریشن اور اوورسیز ایمپلائمنٹ تمام ایئر پورٹ پر اور پروٹیکٹرز آف امیگریشن کے دفاتر میں روزگار کے حصول کیلئے بیرون ملک جانے اور آنے والوں کا مکمل ریکارڈ رکھے گا اور تمام آمدورفت کو کمپیوٹر کے ذریعے شفاف بنایا جائے گا جس کی بدولت پاکستان سے بیرون ملک جانے اور آنے والوں کو دوران سفر پیش آنے والی مشکلات کی شکایات کا الزاہ ممکن ہو سکے گا۔

وفاقی وزیر نے ان منصوبوں کو قانونی قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد از جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کئے تاکہ کارکنوں کو اندرونی و بیرون ملک آنے جانے کے دوران بغیر کسی رکاوٹ کے سہولیات مہیا کی جا سکیں۔