شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہی کراچی کے مسائل کا حل ہے، عثمان معظم

جمعہ 10 اپریل 2015 19:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء) پاسبان پاکستان کے امیدوارضمنی الیکشن حلقہ NA-246 اورمرکزی جنرل سیکریٹری عثمان معظم نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر رینجرز اہلکاروں کی تعیناتی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہی کراچی کے مسائل کا حل ہے ۔ وہ انتخابی رابطہ مہم کے سلسلے میں مختلف وفودسے گفتگو کررہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ 23 اپریل کو پولنگ اسٹیشن پر رینجرز کا کردار صرف چوکیدار کا نہیں ہونا چاہئے، شفاف پولنگ کا انعقاد بھی ان کی ذمہ داری ہونی چاہئے۔ماضی میں فوج کی موجودگی میں بھی پولنگ اسٹیشنوں میں جعلی ووٹ بھگتائے جاتے رہے ہیں جب تک عوام کے حقیقی نمائندے اسمبلیوں میں نہیں جائیں گے عوام کے مسائل حل نہیں ہوسکیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مئی 2013 کے عام انتخابات میں ہونے والی مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جیوڈیشنل کمیشن کے قیام کے بعد NA-246کا ضمنی الیکشن شفاف ، آزادانہ اور منصفافہ پولنگ کے اعتبار سے خاص اہمیت اختیار کرگیا ہے۔

عثمان معظم نے ملاقات کیلئے آنے والے مختلف وفود کو یقین دلایا کہ پاسبان کی آواز عوام کی آواز بن کر ایوانوں میں گونجے گی اور اب اسمبلیوں میں روزگار ، تعلیم، لوڈشیڈنگ ، اوور بلنگ ، پبلک ٹرانسپورٹ ، مہنگائی ، امن و امان اور عوام کے مسائل پر بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کو مشتعل کرکے اور ان کے جذبات بھڑکا کر نہیں بلکہ پاسبان اپنی انتخابی مہم عوام کو سیاسی شعور دے کر اخلاقی اقدار اور شائستگی کے ساتھ چلا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم خاموش اکثریت کو متحرک کرکے کراچی کے مسائل حل کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :