سیکریٹری بلدیات نے سابقہ ٹاؤن آفیسر کی جانب سے سرکاری پلاٹ لیز پر دینے کا نوٹس لے لیا

جمعہ 10 اپریل 2015 19:55

دوڑ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء)سیکریٹری بلدیات نے سابقہ ٹاؤن آفیسر کی جانب سے سرکاری پلاٹ لیز پر دینے کا نوٹس لے لیا،تحقیقات شروع،ڈپٹی کمشنر نوابشاہ سے رپورٹ طلب،تفصیلات کے مطابق سیکریٹری بلدیات نے سابق ٹاؤن آفیسر اور موجودہ کونسل آفیسر ٹاؤن کمیٹی دوڑ غلام شبیر لاشاری کی جانب سے ٹاؤن کمیٹی کی عمارت کے نزدیک واقع پانی کے تالابوں کا ایک پلاٹ ریٹائرڈ ٹاؤن آفیسر ارباب علی بروہی کو غیر قانونی طور پر ننا نوے سالہ لیز پر دینے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں،اور اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نوابشاہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے،،ذرائع کے مطابق سابقہ ٹاؤن آفیسر جو کہ صرف ایک ماہ دوڑ ٹاؤن کمیٹی میں ٹاؤن آفیسر رہے،اور انہیں نان ایس یو جی ہونے کی وجہ سے ہٹا دیا گیا تھا،انہوں نے سرکاری پلاٹ غیر قانونی طور پر ایک ریٹائرڈ ٹاؤن آفیسر کو لیز پر دے دیا،ذرائع کے مطابق مذکورہ پلاٹ کی مالیت لاکھوں روپے کی ہے،سرکاری اراضی ننانوے سالہ لیز پر صرف وزیر اعلٰی سندہ دے سکتے ہیں،مگر کونسل آفیسر نے اپنے ٹاؤن آفیسر کے دور میں اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے غیر قانونی لیز دی۔