Live Updates

آئندہ بلدیاتی انتحابات میں جنوبی اضلاع سے تحریک انصاف کلین سویپ کریگی ،ملک شاہ محمدخان

جمعہ 10 اپریل 2015 15:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء) وزیراعلی خیبر پختونخوا ء کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ ، ماس ٹرانزٹ وفنی تعلیم ملک شاہ محمد خان وزیر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کا متعارف کرانے والا نیا بلدیاتی نظام نچلی سطح تک اقتدار کی منتقلی کیلئے ایک بہترین کوشش ہے جس سے عوام کو درپیش بنیادی مسائل اچھی طرح حل ہو سکیں گے۔

پچھلے ادوار کی بلدیاتی حکومتیں اتنی طاقتور اور فعال نہیں تھیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی متعارف کردہ نئی حکومتوں میں 30 فیصد ترقیاتی منصوبوں کی رقوم بلدیاتی حکومتیں ہی خرچ کریں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز پشاور میں پی کے 72 بنوں سے آئے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے کہا کہ آئندہ بلدیاتی انتحابات میں جنوبی اضلاع سے پاکستان تحریک انصاف کلین سویپ کرے گی اور عوام انتہائی جوش و خروش سے پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے ایکشن لڑ نے کیلئے ٹکٹوں کا مطالبہ کر رہے ہیں جو اس بات کی واضح دلیل ہے کہ بنوں اور دیگر جنوبی اضلاع کے عوام ہماری صوبائی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بنوں میں PK 72 کو تحصیل کا درجہ دینا علاقے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جو کہ پاکستان تحریک انصاف نے پورا کیا حالانکہ پچھلے ادوار میں صوبے کا ایک وزیر اعلیٰ بھی اس علاقے سے تھا مگر ان سے عوام کا یہ مطالبہ حل نہ ہو سکا ۔معاون خصوصی شاہ محمد وزیر نے مزید کہا کہ حالیہ دنوں میں پارٹی کے مرکزی قائد عمران خان اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا دورہ بنوں ایک تاریخی دورہ تھا اور اس میں علاقے کی ترقی و خوشحالی کیلئے جو اعلانات کئے گئے ہیں وہ تاریخ کے سنہرے اوراق میں لکھے جائیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات