ریلوے کے آپریشنل مقاصد کے لئے جی پی فنڈز استعمال ہوا ، وزارت ریلوے کی تصدیق

جمعرات 9 اپریل 2015 23:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) وزارت ریلوے نے تصدیق کی ہے کہ ماضی میں ریلوے ملازمین کے جی پی فنڈز ریلوے کے آپریشنل مقاصد کے لئے استعمال کئے ہیں ریلوے کی مالی حالت بہتر ہونے کے بعد اب یہ رقم جی پی فنڈز میں واپس کر دی ہے تاہم ریلوے نے استعمال شدہ رقم پر حاصل ہونے والے منافع کی وضاحت نہیں کی ہے ۔ اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔

09 اپریل۔2015ء کی خبر پر وزارت ریلوے نے اپنی وضاحت جاری کرتے ہوئے بتایا کہ جنرل پراویڈنٹ فنڈ ، ہر ریلوے ملازم سے اس کی ماہانہ تنخواہ میں سے کاٹا جاتا ہے اور اس کاٹی گئی رقم کا اندرج جی پی ایف کھاتوں میں کر دیا جاتا ہے ۔ ملازمین کی درخواست پر جی پی ایف ایڈوانس اور فائنل ادائیگی ریٹائرمنٹ کے وقت کی جاتی ہے ۔ گزشتہ مالی سال 2013-14 کے دوران محٍمہ ریلوے کے مختلف دفاتر میں ایڈوانس اور فائنل پیمنٹ کے سات ہزار سے زائد کیس نمٹائے گئے اور 86 کروڑ 95 لاکھ 36 ہزار سے زائد رقوم کی ادائیگیاں کی گئیں جبکہ رواں مالی سال کے دوران محکمہ ریلوے نے ایڈوانس اور فائنل پیمنٹ کی مد میں 84 کروڑ 90 لاکھ سے زائد کی ادائیگیاں ملازمین کو کی ہیں ۔

(جاری ہے)

باوجود محکمانہ مالی مشکلات کے اس مد میں ملازمین کو ہرممکنہ حد تک سہولت پہنچائی جا رہی ہے اور یہ تاثر غلط ہے کہ جی پی ایف اکاؤنٹ کی ادائیگیاں نہیں کی جا رہی ہیں یا نہیں کی جا سکیں گی ۔ مزید یہ کہ جی پی ایف کے لئے فنانس ڈویژن اور کنٹرولہ جنرل آف اکاؤنٹس کی منظوری سے الگ اکاؤنٹ کھولنے کی اجازت مل چکی ہے اور اس معاملہ کو ترجیحی بنیادوں پر مستقل طورپر حل کرنے کے لئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔

وزارت ریلوے نے گزشتہ کئی برس سے ملازمین کے جی پی فنڈ سے نہ ہونے والی ادائیگیوں کو ترجیحی بنیادوں پر ادا کرنے کا طریقہ کار وضع کیا ہوا ہے اور اس سال کے آخر تک موجودہ سال کے دوران تک آنے والی درخواستوں پر فیصلہ کر کے رقم کی ادائیگی کی جائے گی ۔ یہ کہنا بالکل غلط ہے کہ خواجہ سعد رفیق نے ریلوے کا قلمدان سنبھالتے ہی ریلوے ملازمین کے جی پی فنڈز جو کہ 56 ارب روپے بنتا تھا کو استعمال کرنے کا حکم دیا ۔

ریلوے ترجمان کے مطابق ملازمین کے جی پی فنڈ کی اب تک کٹوتی شدہ کل رقم صرف 5.514 ارب روپے ہے نہ کہ 56 ارب روپے ۔ یہ بات درست ہے کہ سابقہ حکومتوں کے دور میں جی پی فنڈ کی رقم ریلوے کے آپریشنل مقاصد کے لئے استمعال کی گئی لیکن موجودہ دور میں ریلوے کی مالی حالت بہتر ہونے کی وجہ سے یہ رقم جی پی فنڈ اکاؤنٹ میں واپس کر دی گئی ہے اور ملازمین کو اپنے جی پی فنڈز کے حصول میں دیرینہ مشکلات کا سامنا نہیں ہے ۔

متعلقہ عنوان :