گھر آیا اُستاد داخلہ مہم،مردان میں ایک لاکھ نو ہزار بچوں اور بچیوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کیا جائے گا

جمعرات 9 اپریل 2015 21:06

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) ضلع مردان میں گھر آیا اُستاد داخلہ مہم کے دوران مجموعی طور پر ایک لاکھ نو ہزار بچوں اور بچیوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں ٹھوس حکمت عملی مرتب کی گئی ہے ۔یہ بات ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر مردان حنیف اللہ نے گورنمنٹ گرلزہائی سکول لیبر کالونی میں مہم کے افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی علی محمد خان ایم این اے کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔

تقریب میں سیاسی وسماجی رہنماوٴں کے علاوہ اساتذہ والدین کونسلوں کے ارکان اور محکمہ تعلیم کے افسران اور تدریسی عملے نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ مہان خصوصی کو بتایا گیا کہ اس مہم کے دوران مردانہ سکولوں میں 80 ہزار بچوں اور زنانہ سکولوں میں 29 ہزاربچیوں کے داخلے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

علی محمد خان ایم این نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم کی ترقی کو اولیت دے رہی ہے اور صوبے کی تاریخ میں پہلی بار تعلیم کے لیے ریکارڈ بجٹ مختص کیا گیا ہے اُنہوں نے کہا کہ کہ تمام محکموں میں جزا اور سزا کا عمل شروع کیا گیا ہے جس سے یقینی طور پر کارکردگی بہتر ہوگی۔

دریں اثنا ء گھر آیا استاد مہم کے سلسلے میں گورنمنٹ پرائمری سکول بغدادہ مردان میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر مردا ن نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کر کے مفت تعلیم دلوائیں اُنہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اقدامات سے سرکاری سکولوں میں معیار تعلیم میں نمایا ں بہتری آئی ہے اور سکولوں میں طالبعلموں کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

تقریب سے ایجوکیشن ایمپلائز کوارڈینیشن کونسل کے چئیرمین حافظ زبیر، این سی ایچ ڈی کے ڈاکٹر میر عالم، سکول کے ہیڈ ماسٹر شیرحسن خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان کے ذاتی معاون نعمت خان نے وزیر مو صوف کا پیغام پڑھ کر سنایا جس میں داخلہ مہم کے حوالے ہدایات سے شرکاء کو آگاہ کیا گیا ۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں بچوں کو سکول میں داخل کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :