مدارس دہشت خانے نہیں امن ، محبت، بھائی چارے اور اتحاد و اتفاق کا پیغام دیتے ہیں، مولانا عطاء الحق درویش

جمعرات 9 اپریل 2015 19:16

صوابی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء ) امیر جمعیت علماء اسلام (ف) ضلع صوابی مولانا عطاء الحق درویش نے کہا ہے کہ مدارس دہشت خانے نہیں بلکہ امن ، محبت، بھائی چارے اور اتحاد و اتفاق کا پیغام دیتے ہیں۔ وہ دارالعلوم مجددیہ مانکی ضلع صوابی میں شیخ الحدیث مولانا عبدالحق کی صدارت میں عظیم الشان تحفظ مدارس و امن عالم کانفرنس اور دستار فضیلت اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

جس میں صاحبزادہ خواجہ خلیل احمد، مولانا عبدالغفور قریشی، شیخ القر آن مولانا نورالہادی اور دیگر علماء کرام و ایم پی اے عبدالکریم خان نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ مدارس دنیا میں مسلمانوں اور ان کے بچوں کو قر آن و سنت کے تعلیمات سے روشناس کرا تے ہیں۔ یہ دین اسلام کے مضبوط قلعے ہیں ان مدارس کے خلاف جو سازشیں اور کارروائیاں کی جارہی ہے۔

علماء اور عوام ان کے تمام عزائم ناکام بنا دینگے۔ مدارس ملک و قوم کے وفادار اسلامی ادارے ہیں مدارس کے ساتھ پوری قوم کھڑی ہے انہوں نے کہا کہ فتنے کے اس دور میں والدین اپنے بچوں کو قرآن و سنت سے روشناس کرانے کے لئے مدارس و مساجد بھیجا کریں قر آن ہی پر عمل کر نے ، سیکھنے اور دوسروں کو پڑھانے سے مسلمان دنیا وآخرت میں فلاح پاسکتا ہے قر آن کو سینے سے لگا ئیں۔