عروج وزوال کا دارومدار علم پر ہے ، علم کے زیور سے آراستہ اقوام ہی دنیا کی امامت اور قیادت پر فائز ہوتی ہیں، نورالحق

جمعرات 9 اپریل 2015 19:13

نوشہرہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء ) الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر نورالحق نے کہا ہے کہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ عروج وزوال کا دارومدار علم پر ہے ۔ علم کے زیور سے آراستہ اقوام ہی دنیا کی امامت اور قیادت پر فائز ہوتی ہیں۔ ہماری غفلت اور تعلیم سے دوری کی وجہ سے آج ہم ترقی کی دوڑ میں پیچھے ہیں ۔ جہالت کے اندھیروں کو علم کی روشنی سے ہی دور کیا جاسکتا ہے ۔

علم ہی کے ذریعے انسان انسانیت کی معراج کو پہنچ سکتا ہے۔ اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ بچوں کو تعلیم وتربیت کا بہترین ماحول فراہم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر نورالحق نے تعمیر ملت سکول خویشگئی نوشہرہ میں سالانہ یوم والدین اور تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن نوشہرہ کے صدر جمال خان ، خیبر ایجوکیشن پروگرام کے صوبائی منیجر وحیداللہ، علاقہ کے سماجی شخصیات ، پرنسپل، اساتذہ کرام ، والدین اور طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت کے لیے حکومت ، والدین اور اساتذہ کرام پر مشتمل تکون پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن جدید دور کے تقاضوں کے مطابق عصری اور دینی علوم کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت کے ذریعے ملت کی تعمیر کے لیے کوشاں ہیں ۔ اس موقع پر طلبہ نے ملی نغمین ، تقاریر، خاکے پیش کیے اور پوزیشن ہولڈر طلبہ وطالبات میں مہمان خصوصی نے انعامات و شلیڈ بھی تقسیم کئے ۔ تقریب میں آرمی پبلک سکول کے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :