ہر قسم کی کرپشن سے پاک معاشر ے کی تشکیل وقت کا اہم تقاضا ہے، صوبائی قیادت عوام میں پائے جانے والے احساس محرومی کے خاتمے کیلئے متحد اور مخلص ہے،ہمارے دوسالوں کے ترقیاتی کاموں کا موازنہ عوام گذشتہ ساٹھ برسوں سے کریں تو فرق ان کے سامنے آجائے گا

جمعرات 9 اپریل 2015 19:10

صوابی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء ) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہر قسم کی کرپشن سے پاک معاشر ے کی تشکیل وقت کا اہم تقاضا ہے وہ مرغز صوابی میں ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف انور حقدداد خان کی زیر صدارت حکمران سہ فریقی اتحاد کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے اجتماع سے سینئر صوبائی وزیر صحت شہرام خان ترکئی، اراکین قومی اسمبلی انجینئر حامد الحق اور عاقب اللہ خان ،ضلعی امیر جماعت اسلامی عثمان خان ایڈووکیٹ ،نائب ضلعی امیر جماعت اسلامی سعیدزادہ، سینئر نائب صدر عوامی جمہوری اتحاد جاجی بشیر احمد ،رہنما عوامی جمہوری اتحاد فضل حق باچا ،رونق زمان خان اور ستار خان کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

سپیکر اسدقیصر نے کہا کہ یہ پوری صوبائی قیادت عوام میں پائے جانے والے احساس محرومی کے خاتمے کیلئے متحد اور مخلص ہے انہوں نے چیلنج کیا کہ ان کے صرف دوسالوں کے ترقیاتی کاموں کا موازنہ عوام گذشتہ ساٹھ برسوں سے کریں تو فرق ان کے سامنے آجائے گا انہوں نے کہا کہ صوابی میں گجوخان میڈیکل کالج ،ہسپتال ،سپورٹس کمپلیکس ،تربیلہ صوابی بجلی کی ہائی پاور ٹرانسمیشن لائن اور نئی سڑکوں کے نیٹ ورک سمیت متعدد ترقیاتی منصوبے اس بارے میں واضح دلیل ہیں جن سے علاقے کی قسمت جاگ اٹھے گی۔

(جاری ہے)

سپیکر اسد قیصر نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ آپس میں مل بیٹھ کر مخلص بے لوث اور دیانتدار مضبوط امیدوار میدان میں اتاریں۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر صحت شہرام خان ترکئی ،ضلعی امیر جماعت اسلامی عثمان خان ایڈووکیٹ اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں اندر سے ٹوٹ پھوٹ اور انتشار و خلفشار کا شکار ہیں اور انہیں ان انتخابات کیلئے امیدوار تک نہیں مل رہے انہوں نے کہا کہ صوبے میں حکمران سہ فریقی اتحاد بلدیاتی انتخابات کلیں سویپ کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان انتخابات کے بعد لوگوں کے مقامی مسائل مقامی سطح پر حل ہونگے مقررین نے کہا کہ موجودہ دور میں ملازمتوں اور ٹھیکوں کی بولیاں لگنا بند ہوگئی ہیں اور ذاتی پسند و ناپسند پر کوئی تبادلے نہیں ہورہے اور نہ کسی کے خلاف کوئی امتیازی یا انتقامی کارروائی کی جارہی ہے انہوں نے کہاکہ ہر کام میرٹ اور شفاف انداز میں ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ حکمران سہ فریقی اتحاد سے مخالفین کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں اور حکمران اتحاد کے خلاف تمام قوتیں یکجا ہورہی ہیں تاہم مقررین نے واضح کیا کہ بلدیاتی انتخابات میں سب کچھ واضح ہوجائے گا۔اس موقع پر سہ فریقی اتحاد میں شامل قائدین نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر فضا میں بلند کئے اور اپنی یکجہتی اور اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا۔

متعلقہ عنوان :