خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن کے اعلیٰ حکام ٹیسٹ ،انٹرویوز اور بھرتیوں کے طریقہ کار کو سہل اور تیز بنائیں، پبلک سروس کمیشن میں مختلف اسامیوں،بھرتیوں کے عمل میں تاخیر کی وجہ سے سرکاری محکموں میں سٹاف کی کمی کے باعث کارکردگی پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں

جمعرات 9 اپریل 2015 19:10

پشاور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء )خیبر پختونخواکے سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ خان نے خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن کے اعلیٰ حکام کوٹیسٹ ،انٹرویوز اور بھرتیوں کے طریقہ کار کو سہل اور تیز تر بنانے کی ہدایت کی ہے انہوں نے کہا کہ پبلک سروس کمیشن میں مختلف اسامیوں،بھرتیوں کے عمل میں تاخیر کی وجہ سے نہ صرف سرکاری محکموں میں سٹاف کی کمی کی وجہ سے کارکردگی پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں بلکہ تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوانوں کو اپنی پیشہ ورانہ خدمات کی انجام دیہی کا بروقت موقع بھی نہیں ملتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پشاور میں خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیئرمین پبلک سروس کمیشن عطاء اللہ خان کے علاوہ دیگر ممبران و متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کمیشن کی کارکردگی اور دیگر امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی اور سینئر وزیر کوکمیشن سے متعلق تمام امور کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر بلدیات نے اجلاس کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ وہ سرکاری محکموں کے لئے بھریتو ں کا عمل شفاف اور تیزتر بنائے۔ انہوں نے کہاکہ تاخیر کی وجہ سے محکموں کی کارکردگی پر منفی اثر پڑ رہا ہے اور بروقت اقدام سے حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں مددملے گی۔انہوں نے زور دیا کہ صحت و تعلیم انتہائی اہم محکمے ہیں اور انکا تعلق براہ راست عوام سے ہے اس لئے ان دونوں محکموں میں بھرتیوں کے عمل میں ہر گزتاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

عنایت اللہ خان نے کہاکہ سرکاری شعبوں سے عوام کوبروقت سہولیات فراہم ہوں ۔اجلاس میں ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے سے متعلق مفید تجاویزاور سفارشات پیش کی گئیں اور ادارے کے آئندہ اجلاس میں صحت،تعلیم اور آئی ٹی کے سیکرٹریز اور ایڈوکیٹ جنرل کی شرکت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔