وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر بلدیہ شرقی میں تجاوزات کے خلاف مہم تیز کردی گئی

جمعرات 9 اپریل 2015 18:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر بلدیہ شرقی میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے مہم تیز کردی گئی ہے اس سلسلے میں پہلے فیز میں ٹیپو سلطان روڈ اور بلدیہ شرقی میں اہم چورنگیوں کے اطراف تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز ایڈمنسٹریٹر سید صلاح الدین احمد، ایڈیشنل کمشنرایسٹ اور اسسٹنٹ کمشنرکی زیر نگرانی کل صبح سے کیا جائیگا ، اس سلسلے میں ایڈمنسٹریٹر کی زیر صدارت اجلاس میں تجاوزات کے خلاف حکمت عملی تیار کرلی گئی ۔

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی سیدصلاح الدین احمد نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آپریشن میں ٹھیلے پتھارے ہٹانے سمیت تمام غیر قانونی تجاوزات کے خلاف اقدامات کئے جائیں گے اس سلسلے میں تجاوزات اور گھر کے باہر ملبہ پھیلانے والوں کو نوٹس دئے جائیں گے اور آپریشن کے ساتھ ساتھ چورنگی کی بیوٹیفکیشن، لائٹنگ اور کلرنگ کا کام ہوتا رہیگا انہوں نے کہاکہ ٹیپو سلطان روڈ شہر کا بڑا تجارتی مرکز ہے لہذا اسے مستقل بنیادوں پر تجاوزات سے پاک کرکے ماڈل روڈ بنائیں گے انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی شاہراہوں پرتجاوزات ہرگز برداشت نہیں کی جائیں گی اور اس مقصد کیلئے بلدیہ شرقی اپنی تمام تر فورس کے ساتھ آپریشن کا آغاز کر چکا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل ڈایئریکٹر ایسٹ عارف کلوڑھ ، اسسٹنٹ کمشنر ایسٹ شوکت علی ، سپریٹینڈنگ انجینئر فضل محمود گل اور تمام محکمہ جاتی افسران موجود تھے ۔