حکومت محمد نواز شریف کی قیادت میں غریب عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہے، محمد طلال چوہدری

جمعرات 9 اپریل 2015 18:05

جڑانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری محمد طلال چوہدری نے کہاکہ موجودہ حکومت وزیر اعظم پاکستان کی قیادت میں عوامی فلاح و بہودو دیہی ترقی کے ساتھ ساتھ غریب عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ خادمِ اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا دیہی روڈ پروگرام انقلابی اقدام ہے۔ اس پروگرام سے جہاں کسانوں کو سہولیات فراہم ہو ں گی وہاں ایندھن اور وقت کی بچت بھی ہو گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مستحق خواتین میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اْنہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اقتدار کی نہیں بلکہ اقدار کی سیاست کر رہے ہیں اور ان کی عوام دوست پالیسیوں کی بدولت ملک ترقی کر رہا ہے۔ گیس ، پٹرولیم کی مصنوعات اور گھی و آئل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کر کے عوام کو ریلیف مہیا کیا گیا ہے لیکن اس کے باوجو د مخالفین حکومت کے خلاف وا ویلا کر کے اپنا قد بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس موقع پر سابقہ چیئر مین مارکیٹ جڑانوالہ محمد ارشد چوہدری ،ملک محمد اسلم،میاں محمد عدنان مشتاق اور میاں نذیر احمد و دیگر بھی موجود تھے۔