یمن کا معاملہ، ان کیمرہ بریفنگ، اسلامی کانفرنس بلائی جائے، تمام سیاسی جماعتوں کا بند کمرہ اجلاس ہونا چاہئے: آصف علی زرداری

جمعرات 9 اپریل 2015 17:20

یمن کا معاملہ، ان کیمرہ بریفنگ، اسلامی کانفرنس بلائی جائے، تمام سیاسی ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9اپریل2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جمہوری طاقتوں کے پاس مذاکرات کے سوا کوئی راستہ نہیں، یمن کا معاملہ مذاکرات سے ہی حل ہونا چاہئے، پیپلز پارٹی تمام برادر اسلامی ممالک میں وفود بھیجے گی۔ یمن کے معاملے پر سیاسی جماعتوں کو ان کیمرہ بریفنگ دی جائے، حکومت کو اسلامی کانفرنس بلانے کی تجویز بھی دیں گے۔

حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان معاہدے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ بلاول ہاﺅس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ جمہوریتوں کے پاس مذاکرات کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے، وزیراعظم نواز شریف کا ایران سے متعلق بیان پڑھا ہے جو خوش آئند ہے کیونکہ دوستوں سے پیار بڑھائے رکھنا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر طرف جنگ کی تیاریاں ہیں اور ہزاروں لاکھوں افراد کیمپوں میں پڑے ہیںجس پر تشویش ہے، یمن کی صورتحال پر سب کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کرنا چاہئے تاہم پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ اسلامی ملکوں کے درمیان رنجش دور ہو جائے اور تمام ممالک سے دوستانہ تعلقات بنائے رکھیں۔

اسی سوچ کے پیش نظر پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر ملک میں اپنا وفد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جو بات چیت کرے گا اور یمن کے مسئلے کا حل نکالنے کی بھرپور کوشش کرے گا۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان تحریک انصاف اور وفاقی حکومت کے درمیان جوڈیشل کمیشن کے قیام کے معاہدے کو خوش آمدید کہا اور مبارکباد بھی دی۔ پریس کانفرنس کے موقع پر وہاں موجود صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ کچھ پرانے وعدے پورے نہیں ہوئے ، انہیں پورا کرنے کی کوشش کریں گے کیونکہ صحافیوں کے بچوں کی تعلیم کیلئے سہولیات ملنی چاہئیں اور جرنلسٹ سوسائٹی ہونی چاہئے جبکہ قرض کی سہولت بھی ہونی چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ صحافی اپنی شکایات ہمیں بتائیں، ہم وزیراعلیٰ سندھ سے سفارش کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سیاسی سوچ والے لوگوں میں گندے انڈے ہیں اس لئے گندے انڈے نکالے جائیں، جمہویت نہ نکالی جائے۔ ایک سوال کے جواب میں آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ یمن میں کشیدگی سے خود کو دور رکھنا ممکن نہیں ہے اس لئے پیپلز پارٹی امن اور انسانیت کی بات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ سیاسی جماعتوں کو ان کیمرہ بریفنگ دی جائے اور اسلامی کانفرنس بھی طلب کی جائے۔

متعلقہ عنوان :