اے این ایف نے5ارب 74 کروڑ20 لاکھ روپے مالیت کی4.12ٹن منشیات برآمد کر لی

9 دیگر کاروائیوں میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث1 غیر ملکی سمیت 12 ملزمان گرفتار ،5گاڑیاں ضبط

جمعرات 9 اپریل 2015 17:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) اے این ایف نے منشیات مافیا کے خلاف ملک کے مختلف حصوں میں10کاروائیوں کے دوران4.025 ٹن افیون، 17.6 کلو گرام ہیروئن اور 81.6 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔ ان کاروائیوں کے دوران اے این ایف نے منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث1 نائجیرےئن باشندے سمیت 12ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ 5گاڑیوں کوقبضے میں لے لیا گیا۔

برآمدشدہ منشیات کی مالیت عالمی منڈی میں تقریباً5 ارب 72کروڑ20لاکھ روپے بنتی ہے۔ برآمد شدہ منشیات کی زیادہ تر مقدار بیرون ملک اسمگل کی جانی تھی۔ اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ اطلاعات پر مبنی کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ضلع پشین تحصیل باشور کے علاقے کلی سردار کمال خان سے 4025 کلو گرام افیون قبضے میں لے لی۔ تفصیلات کے مطابق یہ منشیات پلاسٹک کے 131 تھیلوں میں بند کی گئی تھی جن میں سے ہر ایک کا وزن 30/31 کلو گرام تھا۔

(جاری ہے)

یہ منشیات آبادی سے دور دشوار گزار پہاڑوں میں واقع ایک خفیہ مقام پر چھپائی گئی تھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق منشیات کی یہ کھیپ کسی دیگر گروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے ذخیرہ کی گئی تھی اور محفوظ اشار ہ ملنے پر گوادر منتقل کرنے کے بعد سمندر پار واقع کسی بیرون ملک مقام پر اسمگل کی جانی تھی۔اے این ایف راولپنڈی ائر پورٹ ٹیم نے ایک اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے بینظیر بھٹو انٹر نیشنل ائرپورٹ اسلام آباد کی کارپارکنگ سے چکوال کے رہائشی محمدشکیل نامی شخص کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 6 کلو گرام ہیروئن برآمد کرلی۔

تفصیلات کے مطابق ملزم نے قطر ائر لائن کی پرواز نمبر QR -631 سے براستہ دوہا میلان (اٹلی) روانہ ہونا تھا۔ اے این ایف راولپنڈی روڈ چیک ٹیم نے جہلم میں چکوال روڈ پر واقع چک چکوڑا کے قریب ایک سوزوکی بولان کار کو قبضے میں لے کر کار سے 1.2 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔ گاڑی میں سوار ضلع چکوال کے رہائشی دو ملزمان سید ظہیر عباس اور وشال احمد کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق دونوں ملزمان مقامی سطح پر منشیات کی ترسیل میں ملوث ہیں۔ اے این ایف راولپنڈی نے Ekeno Okoso نامی نائجیرےئن باشندے کو پیٹ میں ہیروئن بھرے کیپسولوں کے شبہ پر حراست میں لے لیا۔ دوران پوچھ گچھ ملزم نے پیٹ میں ہیروئن بھرے کیپسولوں کی موجودگی کا اعتراف کیا۔ ملزم کو اسلام آباد ایف ٹین مرکز میں واقع عثمان ہوٹل سے گرفتار کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق ملزم نے بینظیر بھٹو انٹر نیشنل ائر پورٹ اسلام آباد سے قطر ائر لائن کی فلائٹ نمبر QR-617 سے براستہ دوہا قاہرہ روانہ ہونا تھا۔ اے این ایف لاہور روڈ چیک ٹیم نے عبدل مالک انٹر چینج لاہور کے قریب ایک سوزوکی کلٹس کار کو تحویل میں لے کر گاڑی میں چھپائی گئی 10 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ منشیات لے جا نے والے دو ملزمان واجد خان اور جناس خان ساکنان پشاور کو بھی کاروائی کے دوران گرفتار کر لیا گیا۔

ابتدائی تفتیش کے بعد منشیات وصول کر نے والے ملزم غلام نبی سکنہ فیصل آباد کو بھی فیصل آباد کے علاقے سمندری سے گرفتار کر لیا گیا۔ اے این ایف لاہور روڈ چیک ٹیم نے ڈیرہ غازی خان میں سخی سرور روڈ پر لگائے گئے ناکے پر معمول کی نگرانی کے دوران ایک کار کو تحویل میں لے کر گاڑی میں چھپائی گئی 22 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔ منشیات لے جانے والے ملزم منیر حسین سکنہ لیہ کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم مقامی منشیات فروشوں کو منشیات فراہمی کی غرض سے ملتان جا رہا تھا۔اے این ایف پشاور روڈ چیک ٹیم نے پشاورشہر میں کوہاٹ بس اڈہ کے قریب ٹیوٹا ہائی ایس نمبر E-5663 کو روک کر تلاشی لینے کے دوران گاڑی میں چھپائی گئی 44.4 کلو گرام چرس برآمد کر لی، جو گا ڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی۔ چرس پلاسٹک کے 37 تھیلوں میں بند کی گئی تھی جن میں سے ہر ایک کا وزن تقریباً 1.2 کلو گرام تھا۔

گاڑی میں سوار ملزم منات خان سکنہ کرم ایجنسی کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔اے این ایف پشاور روڈ چیک ٹیم نے مرکزی موٹر وے ٹول پلازہ پشاور کے قریب کاروائی کرتے ہوئے مسافر ویگن نمبر LRS-4644 کو تحویل میں لے کر گاڑی سے 1 کلو گرام ہیروئن برآمدکر لی۔ اطلاعات کے مطابق ملزم کسی مقامی منشیات فروش کو منشیات فراہم کر نے کی غرض سے راولپنڈی جا رہا تھا۔

اے این ایف کراچی ائرپورٹ ٹیم نے جناح انٹر نیشنل ائرپورٹ کراچی پر معمول کی نگرانی کے دوران سیالکوٹ کے رہائشی نجم الحسن نامی شخص کو گرفتار کر کے اس کے جوتوں میں چھپائی گئی 600 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ ملزم ائر لنکا کی پرواز نمبر UL -184 سے براستہ بنکاک کولمبو جا رہا تھا۔ اے این ایف کراچی نے مخبر کی اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے حیدر آبدہالا چیک پوسٹ کے قریب واقع ایوب ہوٹل بس اسٹاپ پر چھا پہ مار کر منشیات کی مقامی ترسیل میں ملوث مرید مجیدانو نامی شخص کو گر فتار کر کے اس کے قبضے سے 14 کلو گرام چرس برا ٓ مد کر لی۔

ملزم مقامی منشیات فروشوں کو منشیات مہیا کرنے کی غرض سے کسی قریبی علاقے کی جانب جا رہا تھا۔ تمام زیرحراست ملزمان کے خلاف مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کرلئے گئے ہیں اورمزیدتفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :