محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر شمس الرحمن شمس کوگورنرخیبر پختونخوا کا پریس سیکرٹری تعینات کر دیا

جمعرات 9 اپریل 2015 16:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء)محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخواکے ڈپٹی ڈائریکٹر شمس الرحمن شمس کوگورنرخیبر پختونخوا کا پریس سیکرٹری تعینات کر دیا گیا ہے ۔اس امر کا اعلان بروز جمعرات محکمہ اطلاعات سے جاری ایک اعلامیے میں کیا گیا ۔شمس الرحمن شمس نے گورنر سیکریٹریٹ پشاور میں اپنی نئی ذمہ داریوں کا چارج سنبھال لیا ہے ۔

شمس الرحمن شمس انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ویب ٹیکنالوجی میں اچھی مہارت رکھتے ہیں اورپہلی مرتبہ جدید تیکنیکی سہولیات سے نہ صرف خود استفادہ کیا بلکہ محکمہ اطلاعات کے دوسرے اہلکاروں کو بھی روشناس کروایا۔انہوں نے اطلاعات کی ترسیل کے سلسلے میں استعمال کئے جانے والے پُرانے بوسیدہ آلات کی جگہ کمپیوٹر ٹیکنالوجی متعارف کرکے محکمہ اطلاعات کو جد ید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے2001میں محکمہ اطلاعات میں سرکاری سطح پر پہلی ویب سائٹ www.infosarhad.com کا اجراء کیا جو بعد میں ترقی کرکے nwfp.gov.pkاور اب khyberpakhtunkhwa.gov.pkکی شکل میں موجود ہے۔ اس ویب سائٹ کا افتتاح اس وقت کے وزیر اعلیٰ نے کیا تھا اور اچھی کارکردگی پر شمس الرحمن شمس کو نقد انعام اور تعارفی سند سے بھی نوازا تھا۔ شمس الرحمن شمس کئی انگریزی کتابوں کے مصنف ہیں اور سرکاری سطح پر ہونے والے اجلاسوں کی دستاویزی فلم بنانے میں کافی مہارت رکھتے ہیں۔

اب تک صوبائی وزراء اور انتظامی سیکرٹریوں کے اجلاسوں کے سینکڑوں دستاویزی فلمیں اپ لوڈ کر چکے ہیں ۔ شمس الرحمن شمس نہ صرف پرنٹ میڈیا کیلئے مواد فراہم کرنے میں خاصے ماہر ہیں بلکہ الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر بھی سرکاری تقریبات اور اجلاسوں کی تشہیر کرنے کا کافی تجربہ رکھتے ہے۔ انکی اپنی ویب سائٹ www.malakand1.comبھی معلومات کا خزانہ ہے اوراس ویب سائٹ کے ذریعے بے شمار معلوماتی ذخیروں تک رسائی اور ان سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔