Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا جناح گراوٴنڈ کا دورہ بدنظمی کا شکار ہو گیا

جمعرات 9 اپریل 2015 16:37

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا جناح گراوٴنڈ کا دورہ بدنظمی کا شکار ہو گیا اور وہ جناح گراوٴنڈ کا تفصیلی دورہ اور ایم کیو ایم کی نائن زیرو دورے کی دعوت کو قبول کیے بغیر ہی واپس لوٹ گئے ۔ ان کے استقبال کے لیے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی موجود تھی ۔ تاہم پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے کارکنوں میں تصادم ہو گیا ۔

دونوں جماعتوں کے کارکنان نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی ۔ اس دوران دیکھنے میں آیا کہ بعض افراد کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی اور کچھ لوگوں نے ایک دوسرے پر انڈے بھی پھینکیں تاہم پولیس نے صورت حال کو کنٹرول کر لیا اور دونوں جماعتوں کے کارکنان کو پیچھے کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان اپنی اہلیہ کے ہمراہ جناح گراوٴنڈ پہنچا تو ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار ، امین الحق ،کنور نوید جمیل ، حیدر عباس رضوی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

تاہم عمران کے پہنچنے کے بعد وہ گاڑی سے اترے اور جناح گراوٴنڈ گئے تاہم اس دوران بدنظمی دیکھنے میں آئی ۔ وہ واپس مڑ گئے اور یادگار شہداء پر گئے ، فاتحہ پڑھی اور گاڑی میں جا کر بیٹھ گئے ۔ اس دوران ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار عمران خان کی گاڑی میں گئے اور انہیں نائن زیرو کے دورے کی دعوت دی ۔ وہ عمران خان سے بات چیت ہی کر رہے تھے کہ وہاں موجود پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے کارکنوں نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی ، جس کی وجہ سے ماحول میں کشیدگی پیدا ہو گئی اور بدنظمی دیکھنے میں آئی ۔

کچھ افراد کے درمیان تصادم ہو گیا ۔ تاہم پولیس اور دونوں جماعتوں کے رہنماوٴں نے صورت حال پر قابو پایا ۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے کارکن جھنڈے چھوڑ کر فرار ہوگئے ،جس پر وہاں موجود چند افراد نے پی ٹی آئی کے جھنڈوں سے اپنے جوتے صاف کیے ۔ عمران خان نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کی دعوت قبول نہیں کی اور وہ واپس لوٹ گئے ۔ اس دوران ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم عمران خان کو خوش آمدید کہنے کے لیے جناح گراوٴنڈ میں جمع ہوئی تاہم وہ جلد واپس لوٹ گئے ۔

ہم ان کے مشکور ہیں کہ انہوں نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز یادگار شہداء سے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات جمہوری عمل کا حصہ ہیں ۔ انتخابات میں لڑائی کی نہیں بلکہ برداشت کی سیاست ہونی چاہئے ۔ انتخابات کو پر امن بنانا تمام جماعتوں کی ذمہ داری ہے ۔ انتخابات پر امن ہوں گے تو جمہوریت اور ملک مضبوط ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ پر امن انتخابات کے انعقاد سے کراچی کی سیاسی فضا کو استحکام حاصل ہو گا ۔قبل ازیں ایم کیو ایم کی جانب سے عمران خان کے لیے کرتا ،ان کی اہلیہ ریحام خان کے لیے سونے کا سیٹ اور کھانے کا اہتمام کیا گیا تھا ۔تاہم عمران خان جناح گراوٴنڈ سے ہی واپس چلے گئے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات