کوآپریٹوادارے ملک یا نظام کا اہم جزو ہیں جو کسی بھی تحریک کو بام عروج پر پہنچاسکتے ہیں‘ وزیرکوآپریٹو

جمعرات 9 اپریل 2015 16:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء)صوبائی وزیر کوآپریٹو ملک محمد اقبال چنڑ سے کاشتکاروں کے وفد نے ملاقات کی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کوآپریٹو ادارے کسی بھی ملک یا نظام کا اہم جزو ہوتے ہیں۔ منظم و فعال ادارے کسی بھی تحریک کو بام عروج پر پہنچاسکتے ہیں۔ تحریک امداد باہمی کو زرعی پیداوار اور کاشتکاروں کی خوشحالی میں کلیدی حیثیت حاصل ہے۔

محکمہ کوآپریٹو پلان انٹرنیشنل کے باہمی اشتراک سے وہاڑی میں دودھ کا کام شروع کیا جو کامیابی سے جاری ہے۔ اب اسے مزید وسعت دے کر 8اضلاع تک دائرہ کار پھیلاجا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوآپریٹو بنک کاشتکاروں کو چھوٹے بڑے قرضوں کی فراہمی عمل میں لائے ہوئے ہے جبکہ بنک بائیوگیس پلانٹس ، لائیوسٹاک، فیڈنگ، خواتین انڈسٹریل، کوآپریٹو، موبائل چیلر اور رورل فنانس کے تحت قرضہ جات کا اجراء کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت صوبہ بھر سے بے روزگاری کا خاتمہ اور پڑھے لکھے 20لاکھ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کی حکمت عملی پر کاربند ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر 4ارب روپے سے ہیلتھ انشوشرنس سکیم کا اجراء کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلسازی اور دھوکہ دہی سے محفوظ رکھنے کیلئے حکومت نے الیکٹرانک اسٹامپ پیپر کا پائلٹ پراجیکٹ رواں مالی سال سے گوجرانوالہ میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس عمل سینادرا کے ذریعے اصل خریدار یا فروخت کنندہ کی شناخت بھی ہوگی جس سے دھوکہ دہی اور فراڈ کے واقعات میں واضح کمی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اپناروزگار سکیم کے تحت 31ارب روپے سے 50ہزار خاندانوں کو باعزت روزگار کیلئے شفاف انداز میں گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔ بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے پنجاب میں پاکستان کا سب سے بڑا پہلا شمسی توانائی سے چلنے والا 100میگاواٹ کا منصوبہ مکمل ہوچکا ہے جو جلد بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا۔